پنجاب بھر میں جاری غیر قانونی تعمیرات کے خلاف حکومت کا بڑا اقدام، صوبائی وزیر برائے اطلاعات وبلدیات عامر میر نے محکمہ بلدیات کو غیر قانونی تعمیرات میں ملوث کرپٹ افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
وزیر اطلاعات وبلدیات عامر میر نے ہدایت دی کہ رشوت لے کر غیر قانونی تعمیرات کروانے والے افسران کی فوری نشاندہی کی جائے۔ جن علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات ثابت ہوں وہاں کے بلڈنگ آفیسرز اور زونل آفیسرز پلاننگ کو فوری بلیک لسٹ کیا جائے۔
صوبائی وزیر عامر میر نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے دھندے میں ملوث مافیا کے کارندوں کو فوری معطل کیا جائے۔ غیر قانونی تعمیرات کروانے والا مافیا محکمہ بلدیات کی ساکھ پر سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ غیر قانونی تعمیرات سے ناصرف تجاوزات میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ محصولات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات وبلدیات نے کہا کہ کرپٹ افسران کے خلاف کاروائی سے محکمے کی ساکھ بہتر ہو گی۔ عوام کا اعتماد بحال ہونے سے محکمہ بلدیات کی وصولیوں میں اضافہ ہو گا۔
حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔