انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں تیزی سے بڑھتے ہوئے عالمی رجحانات اور ڈیجیٹلائزڈ ترقی کی وجہ سے بینکنگ سیکٹر میں اہم تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں، جہاں لوگوں کی آسانی کے لئے اب لین دین کو نقدی سے الیکٹرانک کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔
ذرا سوچیں! اگرآپ کو اپنے ٹیکس اور چالان کی ادائیگی کے لئے لمبی قطاروں میں گرم موسم یا بارش کے دنوں میں کھڑے ہو کر اپنی باری کا انتظار کرنا پڑے تو یہ خیال ہی یقینی طور پر آپ کو ایک شدید کپکپی دے گا۔ تاہم اس صورتحال سے بچنے کیلئے صارفین دن بدن ڈیجیٹل خدمات کو بروئے کار لا رہے ہیں۔
شہریوں کی تکالیف کو مدنظررکھتے ہوئے، پنجاب حکومت نے لوگوں کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ادائیگیوں کے مزید موثر نظام کی اشد ضرورت کو محسوس کیا اور اس کے نتیجے میں ای پے پنجاب ایپلیکیشن کا قیام عمل میں آیا جو کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور محکمہ خزانہ پنجاب کی مشترکہ کاوش ہے۔
یہ ایک 24/7 آن لائن ادائیگی کا پلیٹ فارم ہے جس کے تحت شہری اپنے سمارٹ ڈیوائسز کا استعمال کرتے ہوئے کہیں بھی اور کسی بھی وقت آن لائن ٹیکس ادا کر سکتے ہیں۔
ای پے پنجاب ایپ، تمام بزنس ٹو گورنمنٹ(B2G) اور پبلک ٹو گورنمنٹ (P2G) ادائیگیوں کے لئے ایک گیٹ وے سوئچ ہے۔ یہ ایپ گیارہ محکموں، بشمول ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ، بورڈ آف ریونیو، پنجاب ریونیو اتھارٹی، انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ، محکمہ ٹرانسپورٹ، لاہور محکمہ ٹرانسپورٹ، محکمہ سکول ایجوکیشن، پنجاب پولیس، محکمہ آبپاشی، پنجاب پبلک سروس کمیشن اور محکمہ لیبر کی چوبیس مفت سروسز فراہم کرتی ہے جو صرف ایک کلک کی دوری پر ہیں۔
یہ ایک یوزر فرینڈلی ایپ ہے جس سے صارفین قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی فیس، لیویز اور ٹیکس جمع کروا سکتے ہیں۔ آپ کو صرف Play Store اور iOS سے ایپ ڈاؤن لوڈ/ انسٹال کرنے، اکاؤنٹ بنانے کے لئے سائن اپ کرنے، مطلوبہ معلومات کا اندراج کرنے اور سروس (Levy Facility) کو منتخب کرنے کی ضرورت ہے۔
ای پے ایک خاص سترہ ہندسوں کا PSID نمبر تیارکرتی ہے جس سے مختلف الٹرنیٹو ڈیلیوری چینلز جس میں انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل بینکنگ، اے ٹی ایم، اوور دی کاؤنٹر، موبائل والیٹس اور TELCO نیٹ ورک ایجنٹس شامل ہیں کے تحت ادائیگی کی جاتی ہے۔ مزید یہ ایپ ادائیگی کے حصول کیلئے تمام بینکوں کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے 1-لنک انٹر کنیکٹیویٹی کے ذریعے جوڑتی ہے۔
اگر آپ اپنے شہر میں سفر کر رہے ہیں یا شہر سے باہر جا رہے ہیں اور آپ کا ٹریفک چالان ہو گیا ہے تو آپ کیا کریں گے؟ اس موقع پر پریشان ہونے کی بجائے اپنی ای پے ایپ میں لاگ ان کریں اور پلک جھپکتے ہی چالان ادا کریں۔
یہ ای چالان ادا کرنے کیلئے بھی استعمال کی جاتی ہے۔ آپ اس ایپ کو گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس، گاڑی کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر، پراپرٹی ٹیکس، روٹ پرمٹ فیس کی ادائیگیوں کے لئے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اگر آپ اپنے کاروبار کو رجسٹر کرنا چاہتے ہیں یا اپنی سکول اور کالج کی رجسٹریشن فیس جمع کروانا چاہتے ہیں، تو اس ایپ سے آپ انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ اور سکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ بار کی ڈراپ ڈاؤن آپشنز پرجا کر سروس سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
خواتین کے لئے بینکوں سے منسلک ہونے کے لئے موبائل فون کو ایک کم قیمت اور آسان طریقہ کے طور پر تصور کرتے ہوئے، اس ایپ نے جینڈر گیپ کو بھی کم کیا ہے اور جاب کرنے والی خواتین یا گھریلو خواتین کو خود مختار بنایا ہے، جس سے معیشت کو مضبوط بنانے میں ان کی شمولیت ایک اہم کردار ادا کرے گی۔ انہیں اب اپنے ٹیکس، چالان وغیرہ کی ادائیگی اور اس عمل میں آدھا دن ضائع کرنے کے لئے کسی کی مدد کی ضرورت نہیں۔ وہ خود گھر بیٹھ کر ہی سب ادائیگیاں کر سکتیں ہیں۔
اپنے ذاتی تجربات بیان کرتے ہوئے، عام لوگوں نے بتایا کہ ای پے ایپ کے نفاذ سے پہلے، انہیں ایسے معمولی لیکن ضروری کاموں کے لیے انتہائی محنت اور مشقت سے گزرنا پڑتا تھا۔ وہ اپنے ٹریفک چالان، گاڑیوں کے ٹوکن اور ٹیکس کی ادائیگی کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے پر مجبور تھے تاہم، یہ تمام مسائل صرف ایک ایپ کو استعمال کرنے سے دور ہو گئے ہیں۔
شہریوں کے لئے کمفرٹ زون کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ، حکومت نے ملکی معیشت کو سنبھالنے کے لیے اس ایپ کے ذریعے 100 بلین روپے سے زیادہ کی آمدنی بھی حاصل کی ہے۔ اب تک اس ایپ کو پلے سٹور سے 2.1 ملین سے زائد بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا ہے جبکہ اس کے ذریعے انیس ملین سے زیادہ ٹرانزیکشنزبھی ہوچکی ہے۔ جوکہ ایک سنگ میل تصور کیا جا رہا ہے۔
اس قسم کی ٹیکنالوجی نے شہریوں کو ناصرف پیسے کو سنبھالنے کے جدید طریقوں سے روشناس کروایا ہے بلکہ ملک بھر میں ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کو بھی مرکزی دھارے میں لایا ہے۔ ای پے ایپ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو مدنظر رکھتے ہوئے، حکومت لوگوں کو بہتر طریقے سے سہولت فراہم کرنے کے لیے بھی کوشاں ہے۔
ای پے ایک محفوظ پلیٹ فارم ہے اور ہر ایک کے لئے ایک بے پناہ ریلیف ثابت ہوا ہے کیونکہ اس کا مقصد پنجاب کے شہریوں کو ڈیجیٹل طور پر ادائیگی کے بااعتماد اور آسان طریقوں کے ذریعے بااختیار بنانا ہے۔
لہذا، لمبی قطاروں میں کھڑے ہونا بھول جائیں اور ای پے پنجاب کو استعمال کرکے اپنی زندگی کو آسان بنائیں، اور ایجنٹ مافیا اور غیر قانونی مالیاتی لین دین کے فریب میں آنے سے بچیں۔