نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں گفتگو کرتے ہوئے سینیئر صحافی عامر غوری نے کہا سپریم کورٹ میں جن بڑے کیسز نے پچھلے دنوں خوب گرما گرمی پیدا کر رکھی تھی، آہستہ آہستہ دھیمے ہو گئے ہیں۔ اب کیسز قومی اہمیت سے آگے جا کر ذاتی اہمیت پہ چلے گئے ہیں۔ مجھے نہیں لگتا آنے والے دنوں میں سپریم کورٹ میں کوئی ڈرامائی صورت حال پیدا ہو گی۔ اب یہ ساری گرمی سپریم کورٹ سے نکل کر اسلام آباد ہائی کورٹ شفٹ ہو گئی ہے جہاں عمران خان اور ان کی اہلیہ پیش ہو رہے ہیں۔
فواد چودھری کسی کیمپ کے بجائے محفوظ ٹھکانے کی تاک میں ہیں۔ انہوں نے جہانگیر ترین سے رابطہ کیا، ہو سکتا ہے آنے والے دنوں میں پیپلز پارٹی کے ساتھ بھی بات کریں۔ شاہ محمود قریشی ہو سکتا ہے عمران خان کی جگہ لینے کا خواب دیکھ رہے ہوں۔ آرمی جو نیوٹرل رہنا چاہ رہی تھی ہماری سیاسی جماعتوں نے زبردستی انہیں گھسیٹ کر ٹاپ سیٹ پہ بٹھا دیا ہے۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی پاکستان مسلم لیگ ن کے لئے آئندہ انتخابات میں چیلنج بن جائے گی۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا جو معاملات عدالت طے نہیں کر سکی وہ ایک طرح سے میدان جنگ میں طے ہو چکے ہیں اور اسی لئے سپریم کورٹ میں اب پہلے جیسی گرمی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔
پروگرام کے میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔