Get Alerts

القادر ٹرسٹ کیس؛ 3 سابق وزرا نے نیب میں عمران کے خلاف گواہی دے دی

القادر ٹرسٹ کیس؛ 3 سابق وزرا نے نیب میں عمران کے خلاف گواہی دے دی
چیف جسٹس نے جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف آنے والی تمام شکایات جسٹس سردار طارق مسعود کے پاس بھجوا دی ہیں جو جائزہ لینے کے بعد اگر سمجھیں گے کہ شکایات میں وزن ہے تو چیف جسٹس کو بتائیں گے کہ اس پر سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس بلائیں۔ القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی کابینہ کے تین سابق وزرا؛ فروغ نسیم، علی زیدی اور خالد مقبول صدیقی نیب میں آج ان کے خلاف بیان دے گئے ہیں۔ اس کیس میں عمران خان کی نااہلی کا پورا پورا مواد موجود ہے۔ احتساب عدالت میں جب یہ کیس جائے گا تو اس میں عمران خان نااہل ہو سکتے ہیں۔ یہ کہنا ہے رپورٹر عمران وسیم کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں گفتگو کرتے ہوئے سینیئر صحافی عامر غوری نے کہا سپریم کورٹ میں جن بڑے کیسز نے پچھلے دنوں خوب گرما گرمی پیدا کر رکھی تھی، آہستہ آہستہ دھیمے ہو گئے ہیں۔ اب کیسز قومی اہمیت سے آگے جا کر ذاتی اہمیت پہ چلے گئے ہیں۔ مجھے نہیں لگتا آنے والے دنوں میں سپریم کورٹ میں کوئی ڈرامائی صورت حال پیدا ہو گی۔ اب یہ ساری گرمی سپریم کورٹ سے نکل کر اسلام آباد ہائی کورٹ شفٹ ہو گئی ہے جہاں عمران خان اور ان کی اہلیہ پیش ہو رہے ہیں۔

فواد چودھری کسی کیمپ کے بجائے محفوظ ٹھکانے کی تاک میں ہیں۔ انہوں نے جہانگیر ترین سے رابطہ کیا، ہو سکتا ہے آنے والے دنوں میں پیپلز پارٹی کے ساتھ بھی بات کریں۔ شاہ محمود قریشی ہو سکتا ہے عمران خان کی جگہ لینے کا خواب دیکھ رہے ہوں۔ آرمی جو نیوٹرل رہنا چاہ رہی تھی ہماری سیاسی جماعتوں نے زبردستی انہیں گھسیٹ کر ٹاپ سیٹ پہ بٹھا دیا ہے۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی پاکستان مسلم لیگ ن کے لئے آئندہ انتخابات میں چیلنج بن جائے گی۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا جو معاملات عدالت طے نہیں کر سکی وہ ایک طرح سے میدان جنگ میں طے ہو چکے ہیں اور اسی لئے سپریم کورٹ میں اب پہلے جیسی گرمی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔

پروگرام کے میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔