Get Alerts

جنسی ہراسانی کے الزام پر بھائی کی مدد مہنگی پڑگئی، سی این این کا نیوز اینکر معطل

جنسی ہراسانی کے الزام پر بھائی کی مدد مہنگی پڑگئی، سی این این کا نیوز اینکر معطل
امریکی نیوز چینل سی این این نے جنسی ہراسانی کے الزام پر اپنے بھائی سابق گورنر نیویارک کی مدد کرنے پر اپنے اہم اینکر کرس کیومو کو معطل کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک کے سابق گورنر اینڈریو کیومو گذشتہ کئی ماہ سے ناصرف انتظامیہ کی سابق ملازمین بلکہ دیگر خواتین کو بھی ہراساں کرنے کے الزامات کا سامنا کر رہے تھے، تاہم سخت تنقید کا سامنا کرتے ہوئے انہوں نے رواں سال اگست میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

سابق گورنر اینڈریو کیومو پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنی خاتون اہلکار کیساتھ  اس کی اجازت کے بغیر زبردستی دست درازی کی۔

اب سی این این کے اینکر کرس کیومو کیخلاف بھی تحقیقات کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ہراسانی کے الزامات سے بچائو کیلئے اپنے بڑے بھائی کا دفاع کیا تھا۔

سی این این کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نیویارک کے اٹارنی جنرل کے دفتر سے پیر کو جاری ہونے والی دستاویزات اس بات پر روشنی ڈال رہی ہیں کہ کرس کیومو نے اپنے بھائی کا دفاع کیا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ تمام دستاویزات نے مختلف سوالات کو جنم دیدیا ہے۔ سی این این کی انتظامیہ کی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اینکر کرس کیومو نے اپنے ادارے اور نوکری کی بجائے اپنے خاندان کو ترجیح دی تھی۔

سی این این کے ترجمان نے کہا کہ ان الزامات کے پیش نظر کرس کیومو غیر معینہ مدت کے لیے معطل ہونگے۔ اس اہم معاملے کی مزید جانچ پڑتال کی جائیگی۔