Get Alerts

لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ اور ترکیہ کی باجیلر بلدیہ سسٹر سٹی قرار

سسٹر سٹی پروٹوکول پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر تحصیل میئر سرائے نورنگ عزیز اللہ خان کا کہنا تھا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے شہری ادارے اپنے قوانین کے اندر رہتے ہوئے عزت و احترام، اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر باہمی تعلقات کو فروغ دیں گے۔

لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ اور ترکیہ کی باجیلر بلدیہ سسٹر سٹی قرار

خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت کی تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن سرائے نورنگ کو برادر اسلامی ملک ترکیہ کی باجیلر میونسپلٹی کے ساتھ سسٹر سٹی کا رتبہ مل گیا۔ ترکیہ کے شہر استنبول میں سسٹر سٹی پروٹوکول پر تحصیل میئر سرائے نورنگ عزیز اللہ خان اور باجیلر میونسپلٹی کے میئرعبداللہ اوزدیمر نے دستخط کیے۔

سسٹر سٹی پروٹوکول پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر تحصیل میئر سرائے نورنگ عزیز اللہ خان کا کہنا تھا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے شہری ادارے اپنے قوانین کے اندر رہتے ہوئے عزت و احترام، اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر باہمی تعلقات کو فروغ دیں گے۔ اس کے علاوہ اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی معاملات میں باہمی تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت، ثقافت اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لئے باہمی تعاون کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ادارے میونسپلٹی سٹاف کی تعلیم و تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت میں اضافے کے لئے باقاعدگی کے ساتھ اطلاعات و تجربات کا تبادلہ کریں گے۔ ایسے منصوبوں پر عمل درآمد کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا جس سے دونوں برادر اسلامی ممالک کے شہری اداروں کا فائدہ ہو۔