وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ ان کی کتاب میں جس بلیک بیری کا ذکر ہے، وہ اس وقت انتہائی محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ میں رہوں نہ رہوں لیکن وہ موبائل فون محفوظ رہے گا۔
یہ چونکا دینے والی بات انہوں نے گذشتہ روز کراچی پریس کلب میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہی۔ خیال رہے کہ 2018ء کے انتخابات سے قبل بھی اس بلیک بیری کی بازگشت سنی گئی تھی۔ ریحام خان نے دعویٰ کیا تھا کہ میری کتاب میں جس بلیک بیری کا ذکر ہے، سب پی ٹی آئی والے اسی سے ڈرے ہوئے ہیں۔
2018ء میں جیو نیوز سے گفتگو میں ریحام خان نے کہا تھا کہ میری کتاب میں ایک بلیک بیری کا ذکر موجود ہے۔ کتاب پر رائے ونڈ کنکشن کا الزام لگانے والے پہلے ثبوت سامنے لائیں۔
ریحام خان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ میری کتاب 2018ء کے الیکشن سے پہلے سامنے آ جائے۔ بلیک بیری کے اندر جو بھی انفارمیشن ہے، پی ٹی آئی والوں کو اسی کا ڈر ہے۔
اب گذشتہ روز بھی ریحام خان سے کراچی میں ایک صحافی نے اسی بلیک بیری کا ذکر کیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ ہاں واقعی وہ بلیک بیری موجود ہے لیکن میرے پاس نہیں بلکہ انتہائی محفوظ ہاتھوں میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کل ویسے بھی آڈیوز اور ویڈیو لیکس کا زمانہ ہے۔ اگر لوگ میری کتاب سے نہیں ''رجے'' تو اسے منظر عام بھی لایا جا سکتا ہے۔ میری کتاب کی مشہوری بھی پی ٹی آئی کے کچھ اداکاروں اور گلوکاروں نے کی تھی، اب بھی ان لوگوں کی جانب سے ہی اس کی دوبارہ سے تشہیر کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم کی سابق اہلیہ کا کہنا تھا کہ مجھ سے کہا جا رہا ہے کہ میں سیاست کر رہی ہوں تو لوگ اس وقت بھی ایسی ہی باتیں کرتے تھے جب میں بنی گالہ میں شامی کباب بنا رہی تھی اور باہر نہیں نکلی تھی۔