سوشل میڈیا پر چند روز قبل احسن خان کی ایک ویڈیو خاصی وائرل ہوئی تھی جس میں وہ برٹش لب ولہجے میں میزبان کو بتا رہے ہیں کہ وہ برٹش ایشین ایکٹر ہیں جو زیادہ تر پاکستان میں کام کرتے ہیں لیکن برطانیہ اور پاکستان میں رہتے ہیں۔
بظاہر تو احسن خان کے اس انٹرویو میں شاید ہی آپ کو کوئی خامی نظر آئے لیکن معروف شخصیات کی ویڈیوز کی دلچسپ انداز میں ایسی کی تیسی کر دینے میں ماہرعلی گل پیر نے یہاں بھی ہرگز مایوس نہیں کیا۔
علی گل پیر نے احسن خان کے جملوں کے ساتھ اپنے تاثرات کا ایسا اضافہ کیا کہ دیکھنے والے بے ساختہ ہنسنے پر مجبور ہوگئے۔
خصوصاً احسن کے برٹش پاکستانی حوالے کو استعمال میں لاتے ہوئے دیس اور پردیس کا لب ولہجہ اور جملے توجہ طلب ہیں۔
ویڈیو دیکھنے والوں نے بھرپور محظوظ ہوتے ہوئے تبصروں میں علی گل پیر کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا جن میں معروف شخصیات بھی شامل ہیں۔ خود احسن خان نے بھی ویڈیو لائیک کرتے ہوئے کمنٹ میں اسے انتہائی پرمزاح قرار دیا۔