Get Alerts

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ ٹرائل روکنے کی استدعا پھر مسترد

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاکہ آپ  کی درخواست غیرموثر ہوچکی تھی پھر بھی ہم نے سنا اور آرڈر دیا۔ ہم صورتحال کو سمجھ رہے ہیں۔ ہم نے حکمنامے میں لکھا تھا ہائیکورٹ درخواستوں کو اکھٹا سنے۔ ہوسکتا ہے جو ریلیف آپ مانگ رہے ہیں وہ ہائیکورٹ فیصلہ کردے۔پہلے ہائیکورٹ کو فیصلہ کرنے دیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ ٹرائل روکنے کی استدعا پھر مسترد

سپریم کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم   عمران خان کی توشہ خانہ ٹرائل روکنے کی استدعا پھر مسترد کردی۔

سپریم کورٹ کے جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بینچ نے توشہ خانہ کیس کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست کی سماعت کی۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیئے کہ جو ریلیف آپ نے مانگا وہ ہم نے دے دیا تھا۔حیرت ہے آپ نے پھر بھی سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ہائیکورٹ میں کیس اب کب کے لئے مقرر ہے۔

وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کیس کل ہائیکورٹ میں سماعت کے لئے مقرر ہے۔ اصل سوال دائرہ اختیار کا ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا آپ  کی درخواست غیرموثر ہوچکی تھی پھر بھی ہم نے سنا اور آرڈر دیا۔ ہم صورتحال کو سمجھ رہے ہیں۔ ہم نے حکمنامے میں لکھا تھا ہائیکورٹ درخواستوں کو اکھٹا سنے۔ ہوسکتا ہے جو ریلیف آپ مانگ رہے ہیں وہ ہائیکورٹ فیصلہ کردے۔پہلے ہائیکورٹ کو فیصلہ کرنے دیں۔

خواجہ حارث نے جواب میں کہاہائیکورٹ نے حکم امتناع نہیں دیا اس لئے سپریم کورٹ آئے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہم اس وقت ٹرائل کورٹ کی کارروائی میں مداخلت نہیں کر سکتے،جب اسلام آباد ہائیکورٹ نے کوئی آرڈر ہی نہیں دیا تو ہم کیسے کیس سنیں؟ آپ نے بغیر آرڈر سپریم کورٹ سے رجوع کیا.

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا اگر آپ کو ریلیف نہیں ملتا تو سپریم کورٹ میں مقدمہ زیر سماعت ہے.

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پرفریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فوری   حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا مسترد کردی اور سماعت 4 اگست دن ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردی.