رحیم یار خان کے علاقے کچہ میں پولیس کے گرینڈ آپریشن کے دوران عمرانی اور قیصرانی گینگز کے کاروندوں نے سرنڈر کر دیا۔
گرینڈ پولیس آپریشن کی مزید تفصیلات جاری کر دی گئیں۔ خطرناک مجرمان و عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لیے پولیس کے گرینڈ آپریشن کے 25 ویں روز بھی پولیس کے دستوں کی کچہ کے اندرونی علاقوں میں اے پی سیز کے ساتھ ٹارگٹڈ کارروائیاں اور پیش قدمی جاری ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق گرینڈ آپریشن کے نتیجے میں جرائم پیشہ عناصر سرنڈر کرنے لگے۔عمرانی اور قیصرانی گینگز کے 5 کارندوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔
کچہ آپریشن میں گرفتاریوں کی تعداد 33 ہوگئی 3 ڈاکو مقابلوں میں کیفر کردار تک پہنچے۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پولیس جوانوں کا عزم بلند ہے۔ پولیس ٹیمیں ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کچہ کے علاقے سے کریمنلز کےمکمل خاتمے کا مشن ہے۔ ریاست کی رٹ ہرصورت بحال کریں گے۔
آئی جی پنجاب کے مطابق سرنڈر کرنے والوں میں اقبال قیصرانی، علی نواز عمرانی، عبدالعزیز عمرانی، عبدالرشید عمرانی اور شاہد عمرانی بلوچ شامل ہیں۔ ملزمان ڈکیتی، قتل، اقدام قتل، پولیس پر فائرنگ، اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ سرنڈر کرنے والوں ملزمان کے مقدمات میرٹ اور انصاف کے عین مطابق نمٹائے جائیں گے۔ کچہ کے کریمینلز کا سرنڈر کرنا پولیس کی جہد مسلسل اور موئثر و کامیاب حکمت عملی کا مظہر ہے۔
علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نےکچہ آپریشن میں شہید ہونے والے ایلیٹ اہلکار غلام قاسم کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایلیٹ فورس کے جانباز غلام قاسم نے فرض کی راہ میں بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ پاکستانی قوم غلام قاسم شہید کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں جائے گی ۔ پنجاب پولیس ایسے ہی سینکڑوں بہادر شہداء اور غازیوں کی امین فورس ہے ۔ کچہ آپریشن میں شریک جوانوں کا مورال اور جذبہ بلند ہے ۔ کچہ کے علاقہ سے تمام مجرمان کے قلع قمع تک آپریشن جاری رہے گا ۔
حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔