سپریم کورٹ آف پاکستان کے تین رکنی بنچ کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 14 مئی کو کروائے جانے کا فیصلہ وفاقی کابینہ نے مسترد کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے الیکشن سے متعلق فیصلے کو پارلیمنٹ کی قرارداد سے متصادم قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ اقلیتی فیصلہ ہے جو قابل عمل نہیں ہے لہٰذا کابینہ اسے مسترد کرتی ہے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ وفاقی حکومت اس فیصلے پر ایوان میں آواز بلند کرے گی اور وہاں اپنا مؤقف پیش کرے گی۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ملک کسی بھی آئینی اور سیاسی بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ تمام اتحادیوں نے وزیر اعظم کو مکمل اعتماد کا یقین دلایا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں قائم سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے الیکشن کمیشن کا 8 اکتوبر کو پنجاب میں انتخابات کرانے کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے 14 مئی کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات منعقد کرانے کا حکم سنایا ہے۔