Get Alerts

پاکستانی ماحولیاتی کارکن عائشہ صدیقہ ٹائم میگزین کی بااثر خواتین کی فہرست میں شامل

پاکستانی ماحولیاتی کارکن عائشہ صدیقہ ٹائم میگزین کی بااثر خواتین کی فہرست میں شامل
معروف امریکی جریدے ٹائم میگزین کی جانب سے جاری کردہ دنیا کی 12 بااثر خواتین کی فہرست جاری کر دی گئی۔  2023 کی فہرست میں پاکستانی ماحولیاتی کارکن عائشہ صدیقہ کو بھی شامل کیا ہے۔

ماحولیاتی کارکن عائشہ صدیقہ خواتین سیاست، فن، کھیل اور ایکٹوازم سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھتی ہیں۔

ٹائم میگزین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی اور انسانی حقوق کی کارکن عائشہ صدیقہ نے گذشتہ برس مصر میں موسمیاتی تبدیلی پر ہونے والی کانفرنس میں ایک شاندار تقریر کی تھی۔

اس تقریر میں انہوں نے عالمی رہنماؤں پر موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کام نہ کرنے پر سوال اٹھائے تھے۔

جریدے کے مطابق ’جب عائشہ صدیقہ شاعری پر بات کرتی ہیں تو ان کا چہرہ دمکنے لگتا ہے۔ وہ سمجھتی ہیں شاعری امید کی نمائندگی کرتی ہے۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ’آرٹ زندگی کو جینے کے قابل بناتا ہے۔ میری رائے میں یہ آدمی کو لڑنے کا حوصلہ دیتا ہے۔‘

پاکستان کے قبائلی معاشرے میں پرورش پانے والی عائشہ صدیقہ کا کہنا ہے کہ ’میرا کام زندگی کے دفاع کے لیے ہے۔ اور یہ ازخود خواتین کے حقوق کی جنگ بھی ہے۔‘

 



عائشہ صدیقہ کی عمر 24 سال ہے اور انہوں نے بطور ماحولیاتی کارکن 16 سال کی عمر میں ماحولیاتی بقا کے مسئلے کو اجاگر کرنا شروع کیا تھا۔ 2020 میں انہوں نے بطور شریک بانی ایک بین الاقوامی یوتھ کولیشن کی بنیاد بھی رکھی۔ انہوں نے “فاسل فری یونیورسٹی” کے عنوان سے ٹریننگ کورس کا آغاز بھی کیا۔

عائشہ صدیقہ پاکستان میں عالمی ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آنے والے سیلاب پر بھی مشاہدہ کر چکی ہیں اور انہوں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور سیلاب کی تباہی دیکھ کر جو کچھ محسوس کیا اسے شاعری میں بیان کرنے کی کوشش کی۔

واضح رہے کہ ٹائم میگزین نے ’ویمن آف دی ایئر 2023‘ کی فہرست میں پاکستان کی ماحولیاتی کارکن عائشہ صدیقہ کے علاوہ امریکی اداکارہ انجیلا باسیٹ، آسٹریلوی اداکارہ کیٹ بلانشیٹ، امریکی گلوکارہ اور نغمہ نگار فوبی بریجرز شامل ہیں۔

اس کے علاوہ صومالیہ کی پروفیشنل باکسر رملا علی، برازیل کی نسلی مساوات کی وزیر اینیل فرانکو، میکسیکو کی انسانی حقوق کی کارکن ویرونیکا کروز سانچیز، ایرانی نژاد امریکی صحافی مسیح علی نیجاد، امریکی فٹ بالر میگن ریپینو، جاپانی سی ای او ماکیکو اونو اور امریکی مصنف کوئنٹا برنسن کو شامل کیا ہے۔