پاکستان کے معروف انگریزی اخبار 'ڈیلی ٹائمز' نے اپنی خبر میں اپنے ہی سابق کالم و تبصرہ نگار محمد تقی کو بھارتی شہری قرار دے دیا۔
محمد تقی امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر ہیں اور انہوں نے ناصرف خیبر میڈیکل کالج سے طب کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے بلکہ متعدد پاکستانی اخبارات کے لئے ماضی میں لکھتے رہے ہیں۔ یہاں تک کہ ڈیلی ٹائمز اخبار کے لئے چھ سال انگریزی کالمز لکھتے رہے ہیں۔ آج لیکن اسی اخبار نے انہیں بھارتی شہری قرار دے ڈالا۔
اخبار کی اس مضحکہ خیز غلطی پر کالم نگار محمد تقی کا ردعمل بھی سامنے آیا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خبر کے سکرین شاٹ کو شیئر کیا اور طنزیہ انداز میں کہا کہ ڈیلی ٹائمز کی جانب سے یہ شاندار اندازِ صحافت ہے۔ اس اخبار کے مطابق ناصرف پشاور اور گینزول بھارتی ریاست اتر پردیش میں واقع ہیں بلکہ انہوں نے اس شخص کو بھارتی صحافی بنا دیا جو اسی اخبار کے لئے چھ سال تک ہفتہ وار کالم لکھتا رہا ہے۔
https://twitter.com/mazdaki/status/1588483053541900288
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران ہونے والی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کالم نگار محمد تقی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ پاکستان مزید خون خرابے اور یقینی طور پر ایک اور مقتول سابق وزیر اعظم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مزید لکھا تھا کہ عمران خان پر حملہ ایک قابل مذمت اور خوفناک اقدام ہے۔
ان کی اس ٹویٹ کو ڈیلی ٹائمز نے اپنی خبر میں شامل تو کیا لیکن پاکستانی کالم نگار کی شہریت ہی تبدیل کر دی۔