فیض حمید کے بھائی کے خلاف اینٹی کرپشن انکوائری کا آغاز

فیض حمید کے بھائی کے خلاف اینٹی کرپشن انکوائری کا آغاز
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے سابق ڈی جی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے بھائی سردار نجف حمید خان کے خلاف مقررہ وقت سے پہلے ترقی اور آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اس سلسلے میں ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ راولپنڈی نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور ڈی سی چکوال کو خط لکھ کر نجف حمید گرداور کی ملکیتی اراضی کا ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔



اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ  کی جانب سے لکھے گئےخط میں کہا گیا کہ "یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے انکوائری نمبر 100-E-2023 کا آغاز کیا گیا ہے جس میں جواب دہندہ پر الزامات ہیں کہ اس نے اپنے سے سینئر گردواروں کی جگہ لے کر  آؤٹ آف ٹرن پروموشن حاصل کی اور نائب تحصیلدار کے طور پر اپنے دور میں اپنے آمدن سے زائد اثاثے بنائے۔

ریجنل ڈائریکٹر ACE راولپنڈی نے ڈی سی چکوال اور راولپنڈی سے بھی درخواست کی کہ نجف حمید خان کی ملکیتی جائیداد کی تفصیلات فراہم کریں تاکہ قانون اور قواعد کے مطابق کارروائی آگے بڑھائی جاسکے۔

باخبر ذرائع نے نیا دور کو بتایا ہے کہ نجف حمید پوٹھوہار کے علاقے کے سب سے مضبوط اور وسائل والے افراد میں سے ایک تھے۔ کوئی بھیانہیں کسی کام کے لئے انکارنہیں کرسکتا تھا، خاص طور پر 16 جون 2019 سے 19 نومبر 2021 کے درمیان جب ان کے بھائی فیض حمید ڈی جی آئی ایس آئی کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

ذرائع نے الزام عائد کیا کہ اس نے زمین پر قبضہ کیا اور جائیدادوں میں اضافہ کیا جو یا تو اس کی ملکیت میں تھیں یا اس کنٹرول میں۔ نجف نے مبینہ طور پر اپنے بھائی کے نام اور طاقتور عہدے کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرتے ہوئے کے لیے بااثر لوگوں سے ان کے کام کروانے کے لئے رشوت بھی لی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ کمشنر راولپنڈی کی جانب سے 13 فروری کو جاری کردہ ایک حکم نامے کے مطابق لیفٹننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے بھائی سردار نجف حمید خان کو اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے الزام میں نائب تحصیلدار چکوال کے عہدے سے معطل کر دیا گیا تھا۔



یہ پیشرفت ان کے بھائی فیض حمید  کے فوج سے ریٹائر ہونے کے مہینوں بعد سامنے آئی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ مال چکوال کے افسران کی جانب سے بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں محکمہ مال چکوال کے 4 گرداور اور 8 پٹواریوں کو معطل کردیا گیا ہے ۔فیض حمید کے بھائی سمیت معطل ہونے والے گرداور اور پٹواریوں پر نازیبا رویے اور اختیارات سے تجاوز کا الزام ہے۔

اس ضمن میں راولپنڈی ڈویژن کے کمشنر  آفس کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ جس میں سردارنجف حمید خان کو فوری طور پر کمشنر آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا۔

سردار نجف حمید خان جنرل (ر)فیض حمید کے بھائی ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے ممبر اور سرگرم رہنما بھی ہیں۔ دوران ملازمت ہی پی ٹی آئی کیلئے جلسے ،ریلیوں کا اہتمام کرتے رہے. انتخابات کے دوران الیکشن مہم میں بھی بھرپور حصہ لیتے رہے ہیں۔

20 مئی 2021 میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن سید گلزار حسین شاہ نے نجف حمید خان (ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کے بھائی) کو گرداور سے نائب تحصیلدار کے عہدے پر ترقی دی تھی۔ وہ ضلع چکوال میں پٹواری (لینڈ ریونیو آفیسر) کے طور پر خدمات انجام دے رہےتھے۔

اگلے روز آئی ایس آئی کے سابق سربراہ فیض حمید کے بھائی نجف حمید کی ناجائز ترقی کی خبر معروف انگلش اخبار ‘دی نیشن’ میں شائع کی گئی تاہم خبر کو ہٹا دیا گیا۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔