وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگر اپوزیشن والے اگر یہ سمجھ رہے ہیں کہ جلسے سے میرے اوپر کوئی پریشر بڑھ جائے گا تو یہ بڑی غلط فہمی ہیں، یہ جو مرضی کریں، کسی کو این آر او نہیں ملے گا۔
ہم نیوز نیٹ ورک کے لیے حمزہ علی عباسی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد یونین آف کروکس (Union of crooks) ہے۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے کرسی چھوڑنے پڑی تو چھوڑ دوں گا لیکن ملک سے غداری نہیں کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ بے شک یہ جلسہ کریں لیکن کورونا میں یہ لوگوں کی جانیں خطرے میں ڈال رہے ہیں، جلسہ کرنے والے آرگنائزر ہیں، انہوں نے کرسیاں دی ہیں۔ ٹراسنپورٹ دیا ہے، ان سب پر ایف آئی آر درج ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ لاہور جلسہ کرنے جا رہے ہیں، لاہور میں تیزی سے کرونا کیسز بڑھ رہے ہیں۔ پرسوں ہمارے 78 لوگ کورونا سے جاں بحق ہوئے۔ گزشتہ روز 54 افراد فوت ہوئے ہیں۔ کیسز ہمارے بڑھتے جارہے ہیں۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کو بالکل اجازت نہیں دیں گے۔ جو بھی لاہور جلسے میں ساونڈ سسٹم لگائے گا اور جو بھی کرسیاں لگائے گا، سب پر ایف آر درج ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لیکن ہم انہیں وہاں جانے سے نہیں روکیں گے۔ ہم کوئی رکاوٹیں کھڑی نہیں ہونگی تاکہ یہ ڈرامے نہ کریں۔ کوئی انقلابی نہ بنیں، یہ کوئی چی گویرا نہ بنیں۔ یہ سب چوری بچانے کیلئے جلسے کر رہے ہیں۔ ہم نے کہا یہ کریں۔ جو جو یہ قانون کی خلاف ورزی کریں گے ان کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔ لیکن ہم رکاوٹیں پیدا نہیں کریں گے۔ تاکہ ڈرامے نہ کریں۔ تاکہ یہ انقلابی نہ بنیں، پتہ نہیں کیا کردیتے۔
انہوں نے کہا کہ دو ڈھائی ہفتے پہلے ہم نے اپنے تمام جلسے منسوخ کیے ہیں۔ ہماری پارٹی اور حکومت کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں ہے، صرف 300 لوگوں کو اجازت ہے، لیکن آگے چل کر وہ بھی دیکھیں گے کہ صورت حال خراب ہوئی تو روک دیں گے۔