روس پاکستان کو رعایتی قیمت پر تیل اور ڈیزل فراہم کرنے پر رضامند

روس پاکستان کو رعایتی قیمت پر تیل اور ڈیزل فراہم کرنے پر رضامند
وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کے روس کے ساتھ خام تیل، پٹرول اور ڈیزل کے معاہدے ہوگئے. روس پاکستان کو رعایتی قیمت پر تیل اور ڈیزل فراہم کرے گا۔

وزیر مملکت مصدق ملک نے آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دورہِ روس توقعات سے زیادہ بہتر رہا اور مذاکرات بھی بڑے مثبت رہے جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان معاہدے طے پا گئے۔ روس نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہمیں رعایتی نرخوں پر خام تیل دے گا جس پر بات چیت طے ہو گئی ہے جبکہ روس کی طرف سے پاکستان کو ڈیزل بھی رعایتی نرخوں پر فراہم کیا جائے گا۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ملکی مفاد اور بین الاقوامی قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے اس عمل کو آگے بڑھائیں جس کی ہمیں ضرورت ہے اور یہ معاہدے اسی کا حصہ ہیں. پاکستان کے مفاد کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیر مملکت ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ گیس پائپ لائن پر کچھ ہمارے پرانے معاہدے تھے ان پر بھی روس کی طرف سے دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے اور ہم  نے روس سے کہا ہے کہ وہ اس ضمن میں کچھ لچک کا مظاہرہ کرے۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ جو معاہدے روس کے ساتھ کئے گئے ہیں ان کی تفصیلات جنوری تک طے پا جائیں گی اور روس کا وزارتی سطح کا وفد جنوری میں پاکستان کا دورہ کر رہا ہے جس کے بعد ان معاہدوں پر مزید پیشرفت سامنے آئے گی۔

ان کا کہنا تھا وزیراعظم کا حکم ہے کہ ملک کو زراعت میں خودکفیل ہونا ہو گا۔ کارخانوں کی چمنیوں سے ہر وقت دھواں نکلنا چاہیے اس سے روزگار ملتا ہے۔ وزیراعظم چاہتے ہیں ہر نوجوان کو نوکری ملے۔ معیشت بڑھے گی تو نوکری ملے گی۔ ملک کی معیشت کو 7 فیصد تک آگے بڑھانا ہو گا۔