خوشاب: حلقہ پی پی 84 ضمنی الیکشن میں ن لیگ آگے، تحریک انصاف دوسرے نمبر پر، پیپلز پارٹی کا مکمل صفایا

خوشاب: حلقہ پی پی 84 ضمنی الیکشن میں ن لیگ آگے، تحریک انصاف دوسرے نمبر پر، پیپلز پارٹی کا مکمل صفایا

خوشاب میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا جس کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔  اب تک کے نتائج میں ن لیگ آگے ہے۔


پی پی 84 خوشاب میں پی ٹی آئی کے علی حسین خان، ن لیگ کے ملک معظم کلو اور پیپلز پارٹی کے غلام حبیب احمد میدان میں ہیں۔ اس کے علاوہ امجد رضا، اورنگزیب، عمران حیدر خان، الیاس خان آزاد اور کالعدم جماعت کے اصغر علی بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔ یاد رہے کہ حلقہ پی پی 84 کی نشست ن لیگ کے ملک وارث کلو کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ پی پی 84 خوشاب ضمنی الیکشن کے 229میں سے 140 پولنگ اسٹیشنز کا غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجہ سامنے آگیا ہے جس کے مطابق ن لیگ کے امیدوار محمد معظم شیر کلو  43140 ووٹ لےکر سب سے آگے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کےعلی حسین خان بلوچ  35773 ووٹ لےکردوسرےنمبرپر ہیں۔


ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت کو پے در پے شکست:

کراچی کے این اے 249 میں جمعرات کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکمران جماعت کے امیدوار امجد آفریدی پانچویں نمبر پر رہے جبکہ یہاں پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل کامیاب قرار پائے ہیں۔مسلم لیگ ن دوسرے، کالعدم تحریک لبیک پاکستان تیسرے، پی ایس پی چوتھے نمبر رہیں۔ یہ نشست 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل واوڈا نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو شکست دے کر جیتی تھی۔


این اے 35 بنوں کےعام انتخابات میں وزیر اعظم عمران خان نے اکرم درانی کو شکست دی تھی۔ ان کے چھوڑنے پر یہ سیٹ خالی ہوئی تو اکرم درانی کے بیٹے جے یو آئی ف کے امیدوار زاہد اکرم درانی نے ضمنی الیکشن میں اس نشست پر پی ٹی آئی امیدوار نسیم علی شاہ کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 56 اٹک سے پی ٹی آئی امیدوار طاہر صادق نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ ان کی دو نشستوں پر کامیابی کے بعد دوسری نشست کا حلف اٹھانے پر یہ نشست خالی ہوئی تو ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے ملک سہیل خان نے پی ٹی آئی کے ملک خرم علی خان کو شکست دے کر یہ نشست جیتی۔ اسی طرح قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 لاہور سے عام انتخابات کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق کو معمولی فرق سے شکست دی تھی لیکن انہوں نے جب یہ نشست خالی کی تو ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ سعد رفیق نے پی ٹی آئی کے امیدوار ہمایوں اختر پر واضح برتری سے نشست جیت لی تھی۔