اسلام آباد میں کرونا وائرس کا زور ٹوٹنے لگا، 22 دن بعد سب سے کم کیسز رپورٹ

اسلام آباد میں کرونا وائرس کا زور ٹوٹنے لگا، 22 دن بعد سب سے کم کیسز رپورٹ
ملک کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے کیسز ہر گزرتے روز کے ساتھ کم ہو رہے ہیں اور 22 دن بعد شہر اقتدار میں کرونا وائرس کے صرف 85 کیسز رپورٹ ہوئے۔

وزارت صحت کی ویب سائٹ پر موجودہ معلومات کے مطابق اسلام آباد میں 13 جون کو کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز 771 رپورٹ ہوئے جبکہ اگلے دن یعنی 14 جون کو کرونا وائرس کے 635 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جس کے بعد خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ شہر میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوگا، مگر اسلام آباد انتظامیہ نے شہر کے سب سے زیادہ متاثرہ ہونے والے سیکٹرز کو 14 روز کے لئے لاک ڈاؤن کیا اور اس کے ساتھ ساتھ شہر میں کورونا وائرس کے ٹیسٹس میں اضافہ کیا گیا، جس کے بعد شہر میں آہستہ آہستہ کرونا وائرس کے کیسز کم ہوگئے۔

سرکاری اعدادا و شمار کے مطابق 5 جون کو اسلام آباد میں کرونا وائرس کے صرف 85 کیسز رپورٹ ہوئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس وقت تک کرونا وائرس کے 13,494 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 9,156 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ شہر میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 4,338 ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ شفقات نے مختلف انٹرویوز میں مؤقف اپنایا ہے کہ شہر میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کرونا وائرس کی تعداد میں کمی آئی ہے مگر ہمارے سامنے دو چیلنجز ہیں، اگر ہم نے عید الضٰحی اور محرم کے دوران احتیاط نہیں کی تو اسلام آباد میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں کرونا وائرس کے کیسز چاہے ہسپتال میں رپورٹ ہوجائیں یا پرائیویٹ لیبارٹریز میں تو ہمیں ان کا پورا ڈیٹا ملتا ہے، جس کے بعد ہمارا سسٹم ہمیں بتاتا ہے کہ ان جگہوں میں خطرہ ہے اور یہ ہمارے خطرناک علاقے ہیں، پھر ہم دیکھتے ہیں کہ اگر ایک سیکٹر میں ایک دن میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد چالیس سے زیادہ ہے، تو پھر ہم ان سیکٹرز کو سیل کرتے ہیں اور اسی وجہ سے کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں اب تک سات سیکٹرز میں چودہ دن کے لئے سمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا جس میں سیکٹر G-9ِ، سیکٹر G-6, G-7, I-8-I-10, G-10 اور غوری ٹاؤن شامل ہے، جہاں پر انتظامیہ نے سمارٹ لاک ڈاؤن کیا۔

اعداد و شمار کے مطابق عیدالفطر سے پہلے اسلام آباد میں کرونا وائرس کی تعداد بہت کم تھی لیکن عید کے بعد کرونا وائرس کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

اسلام آباد میں عید الضٰحی سے پہلے مویشی منڈی لگانے یا نہ لگانے کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور اب تک واضح نہیں کہ اسلام آباد میں قربانی کے جانور خریدنے کے لئے مویشی منڈی لگے گی کہ نہیں جبکہ اسلام آباد میں کرونا وائرس سے اب تک 137 لوگ جاں بحق ہوچکے ہیں۔

عبداللہ مومند اسلام آباد میں رہائش پذیر ایک تحقیقاتی صحافی ہیں۔