'عمران خان نگران سیٹ اپ سے پہلے 10 سال کے لئے جیل چلے جائیں گے'

'عمران خان نگران سیٹ اپ سے پہلے 10 سال کے لئے جیل چلے جائیں گے'
اسلام آباد میں اس طرح کی باتیں چل رہی ہیں کہ عمران خان ضرور جیل جائیں گے اور 10 سال کے لئے جائیں گے۔ کئی لوگ بڑے وثوق سے دعویٰ کر رہے ہیں کہ ہو سکتا ہے وہ نگران سیٹ اپ سے پہلے ہی جیل چلے جائیں۔ یہ کہنا ہے اینکر پرسن تنزیلہ مظہر کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں انہوں نے کہا کہ موجودہ چیف جسٹس کی موجودگی میں عمران خان کا کیس عمرانی حقوق کی وجہ سے فوجی عدالتوں میں نہیں جائے گا۔ آنے والے چیف جسٹس بھی فوجی عدالتوں کے خلاف ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ عمران خان کا کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت میں لے جایا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر ان کا ٹرائل وہاں کیا جائے۔

جاوید فاروقی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کو مرکز بنا کر اسٹیبلشمنٹ مثال بنانا چاہتی ہے کہ ان کے ساتھ لڑائی افورڈ نہیں کی جا سکتی اور کوئی بھی فوج کی ریڈلائن کراس کرنے کے بارے میں نہ سوچے۔ پنجاب پولیس نے جس طرح کمزور کیسز تیار کیے ہیں عمران خان کو اگر کچھ کیسز میں عدالت کی جانب سے بری کیا جاتا ہے تو سارا پروسیس متنازعہ ہو سکتا ہے۔

میزبان رضا رومی نے کہا پہلے سوچا جا رہا تھا کہ الیکشن اگلے سال مارچ میں کروائیں گے مگر اب اطلاع ہے کہ نومبر میں الیکشن ہو جائیں گے۔

پروگرام 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔