Get Alerts

میرا واٹس ایپ ہیک ہو گیا ہے: سابق چیف جسٹس ثاقب نثار

میرا واٹس ایپ ہیک ہو گیا ہے: سابق چیف جسٹس ثاقب نثار
سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے کہا ہے کہ میرا واٹس ایپ ہیک ہو گیا ہے۔ انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ ان کے ڈیٹا کو کسی خاص مقصد کےلیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے نجی نیوز چینل ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چندروز قبل میرا وٹس ایپ ہیک ہو گیا۔ تاحال ریکور نہیں کیا جاسکا۔ خدشہ ہے کہ میرے موبائل ڈیٹا کو کسی خاص مقصد کےلیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میرا وٹس اپ ہیک کرنے والوں کو شرمندگی ہی ہوگی۔ اس سے قبل بھی میری مختلف ویڈیوز کو جوڑ کر ایک آڈیو بنائی گئی تھی۔ کسی کی نجی زندگی میں مداخلت چوری کے زمرے میں آتا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ آج کل عدالتی فیصلوں پر وہ بات کر رہے ہیں جنہیں قانون کی زیر زبر کا بھی علم نہیں۔ جو شخص آج عدالتوں پر حملہ آور ہے وہ کبھی عدالتوں کا پسندیدہ رہا ہے۔ صرف ایک مقدمے کے علاوہ اسے ہمیشہ عدالتوں سے ریلیف ہی ملتا رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جب چیف جسٹس نہیں بنا تھا تو نواز شریف نے مختلف حلقوں میں کہنا شروع کیا کہ یہ اپنا چیف ہے۔ میں نے پانامہ کیس میں خود کو بینچ سے الگ کرلیا تھا۔

انہوں نے کہا ہے کہ پی کے ایل آئی کی فرانزک رپورٹ کا اگر کوئی جائزہ لے تو سر پکڑ کر بیٹھ جائے۔ پی کے ایل آئی کے سربراہ کو ایک 'پیر 'کے کہنے پر لگایا گیا۔ ملک کے مسائل کا حل الیکشن میں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے غلط فیصلے کیے ہوں گے۔ ملک کی بقاء کے لیے جوفیصلے کیے ان پر عملدرآمد کیوں نہیں کرتے؟میں اب کسی کو انٹریو نہیں دوں گا۔ میرے مرنے کے بعد ایک کتاب شائع ہوگی جس میں تمام حقائق ہوں گے۔ 1997سے لیکر چیف جسٹس کے عہدے تک کی ساری کہانی لکھوں گا۔