Get Alerts

ماسکو، مسافر طیارے میں آتشزدگی، دو بچوں سمیت 41 افراد ہلاک

روس کے دارالحکومت ماسکو کے ہوائی اڈے پر مسافر بردار طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے دوران آتشزدگی بھڑک اٹھی جس میں دو بچوں سمیت 41 مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

روسی خبر رساں ادارے ’’طاس‘‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، متاثرہ طیارے میں 78 مسافر سوار تھے جن میں سے کچھ کو بحفاظت اتار لیا گیا ہے۔

جہاز میں لگنے والی آگ کی ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کے پچھلے حصے میں لگنے والی آگ نے پورے جہاز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

https://youtu.be/5by2Cn1W9mg

حکام کے مطابق، طیارے کے پائلٹ نے ٹیک آف کرتے ساتھ ہی لینڈنگ کی اجازت طلب کر لی تھی۔

متاثرہ طیارہ روس کے شہر ماسکو سے مرمانسک جا رہا تھا۔

واضح رہے کہ 2016 میں فلائی دبئی کا روس جانے والا مسافر طیارہ لینڈنگ کے  دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں جہاز میں سوار عملے کے چھ  ارکان سمیت تمام 61 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ طیارہ بھی روسی شہر روستو آن ڈان کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرتے ہوئے گر کر تباہ ہوا تھا۔



ایسا ہی ایک حادثہ 31 اکتوبر 2015 کو بھی پیش آیا جب ایک روسی طیارہ مصر میں دوران پرواز تباہ ہو گیا جس میں جہاز میں سوار عملے کے ارکان سمیت تمام 224 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔ بعدازاں تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا کہ جہاز کو بم دھماکے سے تباہ کیا گیا تھا۔