Get Alerts

آٹا چینی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرنے والی کمیٹی کو دھمکیاں کون دے رہا ہے؟ شفقت محمود نے سب بتا دیا

آٹا چینی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرنے والی کمیٹی کو دھمکیاں کون دے رہا ہے؟ شفقت محمود نے سب بتا دیا
پاکستان کے سیاسی میدان میں آٹا و چینی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد سے ایک بھونچال آیا ہوا ہے، بحران سے فائدہ اٹھانے والوں میں وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں کا نام آیا ہے۔ وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ وہ فرانزک رپورٹ آنے کے بعد ذمہ داران کے خلاف بلاتفریق کارروائی کریں گے لیکن اس سے قبل وزیراعظم نے کابینہ میں بھی کچھ ردوبدل کیا ہے۔

اس تمام تر صورتحال کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے آج معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہا کہ جو لوگ اس بحران کی تحقیقات کر رہے ہیں، ان کو جس انداز سے ڈرایا اور دھمکایا جا رہا ہے، وزیراعظم نے اس پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے واشگاف انداز میں ان عناصر کو خبردار کیا کہ اگر دوبارہ اس قسم کا کوئی ایکشن دہرایا گیا تو ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے اس بیان پر نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام کپیٹل ٹاک میں صحافی و میزبان حامد میر نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و وفاقی وزیر شفقت محمود سے سوال کیا کہ آٹا و چینی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرنے والی کمیٹی اور اس کے سربراہ واجد ضیا کو دھمکیاں کون دے رہا ہے؟

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما و وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ پہلی دفعہ پاکستان کی تاریخ میں کسی وزیراعظم نے وہ رپورٹ شائع کی جو اس کی اپنی حکومت کے بارے میں ہے۔ وزیراعظم کو کریڈٹ دینا چاہیے کہ انہوں نے قوم سے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کیا۔

شفقت محمود نے کہا کہ رپورٹ جاری ہونے کے بعد شوگر بروکرز اور شوگر مل مالکان نے کہنا شروع کر دیا کہ اگر ہمیں کچھ کہا یا اگر ہمارے ساتھ کچھ ہوا تو پھر ہم چینی کا بحران پیدا کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کو دھمکیاں دیتے ہیں، عمران خان جو کبھی کسی سے ڈرا ہی نہیں ہے۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ دھمکیاں مختلف قسم کی ہیں کہ ہم شوگر بند کر دیں گے ہم نقصان پہنچائیں گے۔ 

https://youtu.be/w4sg4NsSIYw?t=1404