مجھے ابھی تک نہیں پتہ کتنی ٹرینیں چل رہی ہیں، ٹرینیں چلانا میرا کام نہیں: اعظم سواتی

مجھے ابھی تک نہیں پتہ کتنی ٹرینیں چل رہی ہیں، ٹرینیں چلانا میرا کام نہیں: اعظم سواتی
وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے ڈہرکی میں خوفناک ٹرین حادثے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ابھی تک نہیں پتہ کتنی ٹرینیں چل رہی ہیں۔

وزیر ریلوے اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ مجھے پہلے ریلوےکو نقصان سے نکالنے دیں نقصان والے آدمی سے آپ کچھ نہیں مانگ سکتے میں ابھی اسی میں الجھا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے سامنے تسلیم کرتا ہوں مجھے ابھی تک یہ بھی نہیں پتہ کے کتنی ٹرینیں چل رہی ہیں۔ میں ابھی تک ٹرینوں کے لئے بھیک مانگ رہا ہوں ، میں ٹرینوں تک ابھی تک پہنچا ہی نہیں ہوں۔ میں ابھی نقصان سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہوں چند دنوں تک زبردست منافع ہوگا پھر میں آپ کو ٹرینیں چلا کر دکھاؤں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرنیں چلانا میرا کام نہیں، بزنس مین کا کام ہی وہی ٹرینیں چلاتے ہیں۔

دوسری جانب ریلوے کے سابق وزیر سعد رفیق کا کہنا ہے کہ حکومت کو آئے تین سال ہوگئے ، دھیلے کاکام نہیں کیا، ریلوے کا بیڑا غرق کرکے رکھ دیا۔

ن لیگ سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا کہ الزام عائد کرنے کی بجائے اپنی کارکردگی بتائیں، اگر ہمت ہے تو بتائیں ہمارے دور کا ترقیاتی بجٹ کیا تھا اور آپ نے ریلوے کو کیا دیا؟

انہوں نے کہا کہ  ٹرینوں پرسفر کرنے والوں کی زندگیوں سے نہ کھیلیں، اگر ریلوے کو فنڈز جاری نہ کیے تو آئندہ بھی مسافروں کی حفاظت پرسمجھوتہ کرنا پڑے گا۔

سعد رفیق نے کہا کہ رائل پام ہم نے لے کر دیا تمام لڑائیاں ہم نے لڑیں، ہم گیارہ نئے ریلوے اسٹیشن بنا کر گئے تھے ، انھوں نے ٹریک کی دیکھ بھال کے لیے فنڈز ہی نہیں دیے۔

سعد رفیق نے کہا کہ  آپ کے لوکو موٹو رل رہے ہیں، مجھے دنیا کی وہ مشین بتائیں جو مینٹیننس کے بغیر چلتی ہے، اس حادثہ کی بنیادی وجہ ٹریک کی مینٹیننس نہ ہونا ہے، اپنے کرتوتوں کا جائزہ لیں آپ نے ریلوے کو تباہ کردیا ہے،جو پیسے ملتے ہیں وہ کہاں جاتے ہیں، اب رسدیں آپ نے نکالنی ہیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ وزیرداخلہ ملک کا سب سے جھوٹا شخص ہے،مسائل کا واحد حل ایم ایل ون منصوبے کی تکمیل ہے، ریلوے مسافر خوار ہورہے ہیں،کیا یہ کورونا کی وجہ سے ہے؟ ریلوے کے پہلے وزیر کو مخالفین کو گالیاں دینے کے سوا کوئی کام نہیں تھا۔

سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے دور میں ہرحادثے پر استعفے کا مطالبہ کرتے تھے اب کان آنکھ منہ بند کرکے بیٹھے ہیں۔یال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ڈہرکی ٹرین حادثے میں وزیر ریلوے اعظم سواتی سے استعفے کے مطالبے کو بے تکا قرار دیا ہے۔