Get Alerts

دنیا بھر میں عید الفطر کے روایتی پکوان

اگرچہ بڑی حد تک عید کا دن دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک جیسا ہی ہوتا ہے اور اس موقع پررشتہ داروں، دوست احباب سے ملاقاتوں کے دوران مختلف پکوان بہت زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔  مختلف ممالک میں اس دن کے لیے روایتی کھانے تیار کیے جاتے ہیں۔

دنیا بھر میں عید الفطر کے روایتی پکوان

عید الفطر جسے میٹھی عید بھی کہا جاتا ہے۔ عید الفطرخاندان اور دوستوں کے ساتھ خوشی منانے کا وقت ہے۔ یہ ایک خوب صورت اسلامی تہوار  ہے جو رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام پر منایا جاتا ہے۔ دنیا بھر میں مسلمان روایتی انداز سے منانا پسند کرتے ہیں۔دنیا بھر کے مسلمان  جوش و خروش سے عید کا چاند دیکھنے کی تیاری کرتے  ہیں، تاکہ وہ رمضان کے ماہ مقدس کی تکمیل کی خوشی  منائیں۔

اگرچہ بڑی حد تک عید کا دن دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک جیسا ہی ہوتا ہے اور اس موقع پررشتہ داروں، دوست احباب سے ملاقاتوں کے دوران مختلف پکوان بہت زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔  مختلف ممالک میں اس دن کے لیے روایتی کھانے تیار کیے جاتے ہیں۔

اس مضمون میں ہم دیکھیں گے کہ مختلف ممالک میں عید کے موقع پر دنیا بھر میں تیار کیے جانے والے چند خاص کھانے کون کون سے ہیں۔

شیر خرما، جنوبی ایشیا

شیر خرما میٹھا پکوان ہے جسے سویوں سے بنا کر باداموں کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ یہ پکوان خاص طور پر عید الفطر کے موقع پر انڈیا، پاکستان، بنگلہ دیش اور آس پاس کے علاقوں میں تیار کیا جاتا ہے۔ سویوں کو پہلے دودھ میں پکایا جاتا ہے اور فریج میں ٹھنڈا کرنے کے بعد خشک میوہ جات اور الائچی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔

لاسیدا اور تیگینی (Laasida and Tagine)، مراکش

مراکش میں عید الفطر کا آغاز نماز کے بعد ناشتے میں لاسیدا کو کھا کر ہوتا ہے۔ یہ پکوان دیکھنے میں رائس پڈنگ سے ملتا جلتا ہے مگر اس میں مکھن، شہد اور گرما مصالحے شامل ہوتے ہیں۔ سادہ مگر میٹھے اس پکوان کو وہاں بہت شوق سے کھایا جاتا ہے۔ اسی طرح شمالی افریقہ میں عید پر جو پکوان سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے وہ تیگینی ہے جو چکن سے تیار کیا جاتا ہے۔ تاہم کچھ لوگ اسے بکرے کے گوشت سے بھی تیار کرتے ہیں جس میں خشک میوہ جات کو بھرا جاتا ہے۔

مانتی، روس

مانتی، ڈمپلنگ کی ایک قسم ہی ہے۔ اسے مٹن یا بیف کو آٹے میں لپیٹ کر بنایا جاتا ہے اور مکھن یا کھٹی چٹنی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ اس پکوان کی ترکیب ہر علاقے میں مختلف ہوتی ہے اور عام طور پر روس کے مسلمان اس پکوان کو عید کے موقع پر بناتے ہیں۔

خیال رہے کہ روس میں مسلمانوں کی تعداد کل آبادی کا 15 فیصد ہے۔

بریانی، برطانیہ

برطانیہ میں عید جیسے خاص دن پر بریانی نہ بنے ایسا تو ہو نہیں سکتا۔ یہ ایک مصالحے دار پکوان ہے جسے رنگ برنگے چاول اور بیف یا سبزیوں میں پکایا جاتا ہے، اور عام طور پر بریانی کو دہی سے بنے رائتے کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ برطانیہ کی کل آبادی کا پانچ فیصد جنوبی ایشیا کے افراد پر مشتمل ہے۔

سانزی، چین

روایتی پکوان سانزی کو چین کے دو کروڑ 30 لاکھ مسلمانوں میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔ اس میں گوندھے ہوئے میدے کو تیل میں تل کر کھانے کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔اس ڈش کو صوبے سنکیانگ میں خاص طور پر بہت پسند کیا جاتا ہے جہاں اوغر مسلمانوں کی سپر مارکیٹ میں یہ آسانی سے مل جاتی ہے۔

لاپیس لیگیٹ (Lapis Legit)، انڈونیشیا

اس ملک پر ڈچ سامراج کے اثرات میں سے ایک یہ پکوان بھی ہے، جو انتہائی لذیذ اور ایک ہزار لیئرز پر مشتمل کیک ہےاور اسے رمضان کے اختتام پر عید کے موقع پر تیار کیا جاتا ہے۔ یہ پکوان انڈونیشیاءکے ساتھ ساتھ نیدرلینڈ میں بھی تاحال مقبول ہے۔ اس کی ہر لیئر کو مکھن سے تیار کیا جاتا ہے جبکہ دیگر متعدد اجزاءکا بھی استعمال ہوتا ہے۔

بولانی (Bolani)، افغانستان

عید الفطر کا تہوار افغانستان میں بھی بھرپور جوش وخروش سے منایا جاتا ہے۔ خصوصاً بچے اس حوالے سے زیادہ پرجوش ہوتے ہیں۔ اس موقع پر جو پکوان زیادہ تر پکائے جاتے ہیں، ان میں سے ایک بولانی بھی ہے۔ یعنی ایسی روٹی جو یا تو سبز پتوں والی سبزیوں، جیسے پالک یا آلو اور کدو یا دال سے بھری جاتی ہے۔ یہ عید کے موقع پر محدود تیکھے پکوانوں میں سے ایک قرار دی جاسکتی ہے۔

مکھن کے بسکٹ، مشرق وسطیٰ

یہ بٹر کوکیز (مکھن کے بسکٹ) کھجور کے پیسٹ، پسے ہوئے اخروٹ یا پستے سے بنا کر اس پر چینی چھڑکی جاتی ہے۔ مشرق وسطیٰ میں ماہ رمضان اور عید کے موقع پر بٹر کوکیز کی طلب بڑھ جاتی ہے۔عرب دنیا میں اس پکوان کے مختلف نام ہیں۔ شام میں اسے مامول، عراق میں کلائچہ اور مصر میں اسے کحک کہا جاتا ہے۔

رینڈانگ (Rendang)، ملائیشیاء

ملائیشیاءمیں عید الفطر کے موقع پر کئی روایتی پکوان تیار کیے جاتے ہیں جن میں سب سے نمایاں یہ مصالحہ دار ناریل کا سالن یا رینڈانگ ہے۔ اس میں گائے کا گوشت زیادہ شوق سے ڈالا جاتا ہے۔ اس پکوان کو انڈونیشیاءمیں بھی پسند کیا جاتا ہے۔ جبکہ جہاں جہاں ملائے افراد مقیم ہیں، جیسے سنگاپور، برونائی، فلپائن وغیرہ میں بھی یہ بہت مقبول ہے۔

کیتوپت، انڈونیشیا

کوکیز اور سنیکس سے ہٹ کر انڈونیشیا میں عید کیتوپت کے ساتھ منائی جاتی ہے۔ کیتوپت چاول سے بنا کیک ہے جو کھجور کے پتوں میں لپٹا ہوتا ہے۔

عام طور پر اسے چند دیگر پکوانوں کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ خاص طور پر اوپور ایام (ناریل کے سالن میں بنی مرغی) اور سمبال گورینگ کینتنگ (آلو اور بیف/ مرچ پیسٹ میں بنی مرغی کی کلیجی) کے ساتھ۔

کمبابور،صومالیہ

کمبابور نامی روٹی صومالیہ میں کافی پسند کی جاتی ہے اور یہ دیکھنے میں پین کیک جیسی ہی ہوتی ہے۔ اسے گرم گرم کھایا جاتا ہے۔ اس کریپ جیسے پکوان کو چینی چھڑک کر دہی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔

اسی طرح کے ایک پکوان کو ایتھوپیا میں انجیرا کہا جاتا ہے۔

اسیدا (Aseeda)، یمن

یمن کا یہ جیلی پر مبنی میٹھا سعودی عرب، سوڈان اور لیبیا میں بھی بہت شوق سے کھایا جاتا ہے۔اس میں گندم اور شہد کا استعمال ہوتا ہے، اسے ابلنے کے بعد بہت تیزی سے کھایا جاتا ہے۔