Get Alerts

آل پاکستان انجمن تاجران کا 13 جولائی سے ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

آل پاکستان انجمن تاجران کا 13 جولائی سے ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان
بجٹ میں سیلز ٹیکس میں اضافے کے خلاف ملک کےمختلف شہروں میں تاجروں کا احتجاج اور ہڑتال جاری ہے جب کہ آل پاکستان انجمن تاجران نے بھی 13 جولائی سے ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا۔

آل پاکستان انجمن تاجران کے مختلف گروپوں نے متفقہ طور پر 13جولائی کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا، تاجر رہنماوں کا کہنا تھا کہ ظالمانہ ٹیکسوں کی واپسی تک حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہو ں گے، کراچی میں 3دن کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

تاجر رہنماؤں نے متفقہ فیصلہ کیا  کہ ایف بی آر کی جانب سے استعداد سے زائد سے ٹیکس وصولی کے غیر مناسب اور پیچیدہ طریقہ کار اور بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جاتا تو 13 جولائی کو ہرصورت شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 3 روزہ ہڑتال میں اگر حکومت نے ان سے رابطہ نہ کیا اور مطالبات پورے نہ کیے تو اس 3 روزہ ہڑتال کو غیر معینہ مدت میں تبدیل اور ملک گیر سطح پر توسیع دیدی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہڑتال کا فیصلہ کراچی بھر کی تاجر تنظیموں اور 1140 مارکیٹوں کے نمائندوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔