آج ایوان آئینی طریقے سے سلیکٹڈ وزیراعظم کو شکست دینے جارہا ہے: شہباز شریف

آج ایوان آئینی طریقے سے سلیکٹڈ وزیراعظم کو شکست دینے جارہا ہے: شہباز شریف
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہےکہ آج پارلیمان نئی تاریخ رقم کرنے جارہا ہے اور آئینی و قانونی طریقے سے سلیکٹڈ وزیراعظم کو شکست فاش دینے جارہا ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پرسوں پاکستان کی تاریخ کا ایک تابناک دن تھا ، جب عدالت نے آپ کے، عمران خان اور ڈپٹی اسپیکر کے غیر آئینی اقدام کو کالعدم قرار دیا اور نظریہ ضرورت کا سہارا نہیں لیا بلکہ نظریہ ضرورت کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیا اور پاکستان کا مستقبل تابناک بنادیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ہم سب اور پوری قوم اللہ تعالیٰ کے ہاں سربسجود ہے، اس کے لیے قوم پوری متحدہ اپوزیشن کی قیادت سلام پیش کرتی ہے جن کی جدوجہد کے نتیجے میں آج قوم کو یہ دن دیکھنا نصیب ہوا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزارش کرتا ہوں سپریم کورٹ کا جو حکم ہے اس کے تابع آج ہاؤس کی کارروائی چلائیں، آج پارلیمانی نئی تاریخ رقم کرنے جارہا ہے، آئینی و قانونی طریقے سے سلیکٹڈ وزیراعظم کو شکست فاش دینے جارہا ہے، یہ کہنا چاہتا ہوں جو ماضی میں ہوا وہ ہوا، آج آئین و قانون و عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے لیے کھڑے ہوجائیں، آج صحیح معنوں میں اسپیکر کا کردار ادا کرکے تاریخ کے سنہرے حروف میں نام لکھوا لیں۔

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے قومی اسمبلی میں سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی پڑھ کر سنایا۔