سندھ کے ضلع گھوٹکی میں گیس کے بڑے ذخائر دریافت

سندھ کے ضلع گھوٹکی میں گیس کے بڑے ذخائر دریافت
ماڑی پیٹرولیم نے سندھ کے ضلع گھوٹکی میں گیس کے بڑے ذخائر دریافت کر لئے۔

ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں گیس دریافت ہوئی ہے ابتدائی طور پر یومیہ 51 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

کمپنی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گھوٹکی میں کنویں کی 1015 میٹر تک کھدائی کی گئی۔

ایم ڈی ماڑی پیٹرولیم فہیم حیدر کا کہنا ہے کہ گھوٹکی کی یہ گیس دریافت کمپنی کی بڑی کامیابی ہے۔ نئی دریافت سے ملک کے ہائیڈرو کاربن ذخائر کی بنیاد میں اضافہ ہوگا۔

گیس کے ذخیرہ کی تلاش کے لئے کنویں پر 24 نومبر 2022 کو کام کا آغاز کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ  گزشتہ برس دسمبر میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے سندھ کے علاقے سانگھڑ میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا گیا تھا ۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ارسال کیے گئے نوٹس میں او جی ڈی سی ایل نے بتایا کہ کمپنی نے 26 جون کو کنوے کی کھدائی کے لیے ڈرلنگ آپریشن شروع کیا، جس کے لیے 3 ہزار 400 میٹر کھدائی کی گئی۔

ادارے نے بتایا کہ ڈرل اسٹیم ٹیسٹ کے نتائج کے مطابق کنویں سے یومیہ 2 ہزار بیرل تیل اور 1.30 ملین کیوبک فٹ گیس مل سکے گی۔

مزید بتایا گیا کہ کنویں میں بطور آپریٹر او جی ڈی سی ایل کا 100 فیصد حصہ ہے۔

2022 کے اوائل میں کمپنی نے سندھ کے ضلع ٹنڈو الہیار میں تیل و گیس کے ذخائر دریافت کیے تھے۔