فیملی کورٹ نے بچیوں کا ماہانہ خرچ ادا نہ کرنے پر سٹیج کے معروف اداکار طارق ٹیڈی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
لاہور کی فیملی عدالت میں سٹیج اداکار طارق ٹیڈی کی سابقہ بیوی عاصمہ بی بی نے بچیوں کے اخراجات ادا کرنے کیلئے رجوع کیا ہوا ہے۔
فیملی عدالت کی جج رافعہ قریشی نے درخواست کی سماعت کی۔ گذشتہ سماعت کے موقع پر اداکار طارق ٹیڈی کو نوٹس جاری کیے گئے تھے عدالت نے اداکار کو دونوں بچیوں کا ماہانہ خرچ34 ہزار روپے دینےکا حکم جاری کیا تھا۔
عدالتی حکم کے باوجود اداکار جج کے روبرو پیش ہوٸے اور نہ ہی سابقہ بیوی کو اپنی بچیوں صفا اور مروا کا ماہانہ خرچہ ادا کیا۔
عدالت نے حکم عدولی کی بنا پر اداکار طارق ٹیڈی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ طارق ٹیڈی اور ان کی اہلیہ کے درمیان سال 2011 سے علیحدگی ہو گئی تھی۔ اُن کی سابقہ اہلیہ نے نان نفقہ کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے جبکہ بچیوں کو نان نفقہ نہ دینے پر عدالت طارق ٹیڈی کے کئی بار وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر چکی ہے۔