Get Alerts

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات براہ راست ہوں گے، یوتھ کونسلر کی عمر25 سے بڑھاکر 32 سال کر دی گئی

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات براہ راست ہوں گے، یوتھ کونسلر کی عمر25 سے بڑھاکر 32 سال کر دی گئی

پنجاب کے شہروں میں بلدیاتی انتخابات براہ راست اور جماعتی جبکہ ولیج کونسل کے غیرجماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔

پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے معاملے پر اعلیٰ سطح کی مشاورت کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی، اسد عمر، مونس الہٰی، طارق بشیر چیمہ، پرویز الہٰی، محمود الرشید اور راجا بشارت نے شرکت کی۔ لاہور میں ہوئے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے بلدیاتی انتخابات براہ راست کرانے کی منظوری دے دی۔

اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں نے بلدیاتی انتخابات بالواسطہ کرانے کی تجویز دی تھی تاہم اسے رد کر دیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات براہ راست اور جماعتی بنیادوں پر ہوں گے جبکہ ولیج کونسل کے انتخابات بھی براہ راست تاہم غیرجماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔

وزیراعظم نے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری پر مسلم لیگ ق کو اعتماد میں لیا اور ان کی مشاورت سے بل کے نکات کو حتمی شکل دی گئی۔

دوسری جانب بلدیاتی انتخابات میں یوتھ کونسلر کی عمر کی حد 25 سال سے بڑھا کر 32 سال کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق 25 سال کی عمر کی حد پر پاکستان تحریک انصاف کے یوتھ ونگ نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، پارٹی چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی نے وزیر بلدیات میاں محمود الرشید اور وزیر قانون راجہ بشارت سے بات کر کے عمر کی حد کو پارٹی آئین کے مطابق 32 سال کرنے کی تجویز دی۔

یاد رہے کہ میٹرو پولیٹن، میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیز اور ٹاؤن کمیٹیز میں میں یوتھ کی مخصوص نشتیں رکھی گئی ہیں، ان سیٹوں پر پارٹی کے ووٹوں کے تناسب سے کونسلر منتخب ہوں گے۔