عمران خان لاہور کے بعد آبائی علاقے میانوالی سے بھی الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار

جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے محفوط فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی اپیل خارج کر دی اور انہیں الیکشن کے لیے نااہل قرار دینے کا آر او کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

عمران خان لاہور کے بعد آبائی علاقے میانوالی سے بھی الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار

الیکشن ٹریبونل نے لاہور کے بعد آبائی علاقے میانوالی سے بھی بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کو الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دیدیا۔

راولپنڈی بینچ میں الیکشن ٹربیونل کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے گزشتہ ہفتے بانی پی ٹی آئی کی کاغذات نامزدگی مسترد کرنے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔  جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے محفوط فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی اپیل خارج کر دی اور انہیں الیکشن کے لیے نااہل قرار دینے کا آر او کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ جس کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کو   آبائی علاقے میانوالی  کے حلقہ این اے 89 سے بھی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ملی۔

خیال رہے کہ راولپنڈی ہائیکورٹ بینچ کے الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس چوہدری افضل نے عمران خان کی اپیل پر سماعت کی تھی جس میں پی ٹی آئی رہنما علی ظفر نے دلائل دیے تھے جب کہ ٹربیونل نے 7 جنوری کو اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اس سے قبل الیکشن ٹریبونل بانی پی ٹی آئی کو این اے 122 لاہور سے بھی الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے چکا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے قومی اسمبلی کے تین حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جن میں این اے 122 لاہور، این اے 89 میانوالی اور اسلام آباد شامل ہیں تاہم دو حلقوں سے انہیں الیکشن ٹریبونل نے الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔