Get Alerts

اب پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت لے کر ہی جائیں گے: عمران خان کا اعلان

اب پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت لے کر ہی جائیں گے: عمران خان کا اعلان
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے حکومت کیخلاف جلسے جلوس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ استعفوں کے بعد اب پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت لے کر ہی جائیں گے۔

تفصیل کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک انصاف نے عوامی رابطہ مہم اور جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ استعفے دے دیے ہیں، اب ہم پارلیمنٹ نہیں جائیں گے۔ تحریک انصاف اب عوامی سطح پر نئے انتخاب کا دبائو ڈالے گی۔ تحریک انصاف کی مقبولیت سے تمام جماعتیں خوفزدہ ہیں۔ دوبارہ پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت لے کر جائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت میں بلیک میل ہوتے رہے۔ آئندہ اتحادیوں کو ساتھ ملا کر حکومت نہیں بنائیں گے۔ بیساکھیوں کے سہارے حکومت ملی۔ ہمیں کھل کر کام کرنے کا موقع ہی نہیں ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب پارٹی سے وفاداروں کو ہی ٹکٹس دے کر کامیاب بنائیں گے۔ دوبارہ اقتدار میں آ کر ہارس ٹریڈنگ کا ہمیشہ کے لیے راستہ بند کروں گا۔ اقتدار جانے کا دکھ نہیں، اپنے ہی افراد کے دھوکا دینے سے دکھ ہوا۔ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ایوان میں آ کر بیٹھیں گے۔