جاپان کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی نے صرف 25 منٹ میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرنے اور اس کا نتیجہ فراہم کرنے والی ٹیکنالوجی کٹ تیار کر لی۔
اس ٹیکنالوجی کو فوری طور پر پاکستان منتقل کرنے کے لیے پاک جاپان بزنس کونسل نے جاپانی کمپنی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں جس کے تحت 10 ہزار ٹیسٹنگ کٹ ابتدائی طور پر پاکستان منتقل کی جائیں گی۔
پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک کرونا ٹیسٹ کے نتائج کے لیے 24 سے 72 گھنٹے تک انتظار کیا جاتا ہے لیکن نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے اب 25 منٹ میں کرونا وائرس کا نتیجہ حاصل کیا جاسکے گا جب کہ اس کا ٹیسٹ کرنا بھی انتہائی آسان ہوگیا ہے۔
رانا عابد حسین نے بتایا کہ وہ پاکستان میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر یہ ٹیسٹنگ کٹ پاکستان میں متعارف کرائیں گے تاکہ غریب اور نادار افراد کے لیے اس ٹیسٹنگ کٹ کو استعمال کیا جائے۔
رانا عابد حسین نے کہا کہ ابتدائی طور پر 10 ہزار ٹیسٹنگ کٹ پاکستان منتقل کی جائیں گی جب کہ وہ جاپان میں پاکستانی سفیر امتیاز احمد سے مل کر انہیں بھی نئی جاپانی ٹیکنالوجی سے آگاہ کریں گے۔
رانا عابد حسین کے مطابق نئی ٹیکنالوجی جاپانی اور یورپی سٹینڈرڈ کے معیار پر پوری اترتی ہے اور یہ ٹیکنالوجی کٹ پرانے اور نئے کرونا وائرس دونوں کو شناخت کر کے بہترین نتائج فراہم کرتی ہے جس کے نتائج 98 فیصد تک درست ثابت ہوتے ہیں۔