میڈیا اداروں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں 13 ستمبر کے مظاہرے کی حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔
مظاہرے میں بار ایسوسی ایشنز، سیاسی جماعتیں، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور سول سوسائٹی کے ادارے بھی شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق، میڈیا اداروں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس 10 ستمبر، 2021 کو منعقد ہوا جس میں میڈیا اداروں کے تمام نمائندگان جن میں پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے)، آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)، کونسل آف پاکستان نیوزپیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای)، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ( پی ایف یو جے) اور ایسوسی ایشن آف الیکٹرونک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمینڈ) نے شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے غیرآئینی قرار دیا گیا اور اس اقدام کو پریس اور اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگانے کے مترادف ٹھہرایا گیا اور ریاستی کنٹرول کا اطلاق کرکے تمام میڈیا پلیٹ فارمز کو ریگولیٹ کرنے کے لیے ایک مرکزی ادارہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پی ایف یو جے کے 13 ستمبر کو پارلیمنٹ ہائوس کے سامنےمجوزہ پی ایم ڈی اے کے قیام کے خلاف مظاہرے کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام میڈیا نمائندگان کے علاوہ بار ایسوسی ایشنز، سیاسی جماعتیں، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور سول سوسائٹی کے ادارے بھی مظاہرے میں شرکت کریں گے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی میں شامل تمام میڈیا اداروں نے بھی مجوزہ پی ایم ڈی اے کے قیام سے متعلق حکومت کی قانون سازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔