Get Alerts

وزیراعلیٰ پنجاب کی یوم شہادت حضرت علیؓ پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت

وزیراعلیٰ پنجاب کی یوم شہادت حضرت علیؓ پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت
ملک بھر میں یوم شہادت حضرت علیؓ آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ مختلف شہروں میں آج مجالس عزاء برپا ہوں گی اور ماتمی جلوس برآمد ہوں گے۔ یوم علیؓ کے موقع پر پنجاب سمیت ملک بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیلئے کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں۔ جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے اور طے شدہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی  نے ہدایت کی  کہ جلوسوں اور مجالس کے شرکاء کے تحفظ اور پرامن فضا کے قیام کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے۔ جلوسوں اورمجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔ پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرائض سرانجام دیں۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر 21 رمضان المبارک یوم شہادت حضرت علیؓ کے جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع میں یوم شہادت حضرت علیؓ کی مناسبت سے 725 مجالس اور 198جلوس نکالے جائیں گے۔ صوبہ بھر میں 29420 سے زائد افسران و اہلکار اور رضا کار یوم حضرت علیؓ پر سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

ڈاکٹر عثمان انور کی تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز کو  ہدایت کی ہے کہ یوم شہادت حضرت علیؓ  کےجلوسوں اور مجالس کوبہترین سکیورٹی فراہم کی جائے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ سنٹرل پولیس آفس اور سیف سٹی اتھارٹی کے کنٹرول رومز سے جلوسوں اور مجالس کی براہ راست مانیٹرنگ کی جائے گی۔جلوس روٹس پر آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز جبکہ جلوس کے راستے میں سادہ لباس میں کمانڈوز تعینات کئے جائیں۔ سکیورٹی انتظامات کرتے وقت مجالس اور جلوسوں کے منتظمین اور امن کمیٹیوں کے اراکین کی تجاویز کو بھی مدنظر رکھا جائے۔حساس جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور ویڈیو ریکارڈنگ کا انتظام یقینی بنایا جائے۔ حساس جلوسوں کے روٹس اور امام بارگاہوں اور مقام مجالس کے گردونواح میں فیلڈ پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان نےکہا کہ اسلحہ کی نمائش یا ہوائی فائرنگ پر زیرو ٹالرینس کے تحت سخت قانونی کاروائی میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔ ڈیوٹی پر مامور سٹاف کو ڈیوٹی کی حساسیت اور انکے فرائض بارے سپروائزری افسران موثر طور پر بریف کریں۔ مجالس اور جلوسوں کے مقامات پرہنگامی صورتحال کیلئے ایمبولینس اور ریسکیو ٹیموں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔

آئی جی پنجاب نے یہ ہدایات صوبے کے تمام آ رپی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو بذریعہ مراسلہ بھجوا دیں۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔