تیسری شادی کے بعد اگلا ہدف پاکستان کا وزیراعظم بننا ہے، ڈاکٹر عامر لیاقت

تیسری شادی کے بعد اگلا ہدف پاکستان کا وزیراعظم بننا ہے، ڈاکٹر عامر لیاقت
حال ہی میں سیدہ دانیہ شاہ نامی نوجوان لڑکی کے ساتھ تیسری شادی کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، رکنِ قومی اسمبلی، ڈاکٹر عامر لیاقت نے تیسری شادی کے بعد اب نیا ہدف پاکستان کا وزیراعظم بننا قرار دے دیا ہے۔

تیسری بار رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد، ان دنوں عامر لیاقت خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں اور مختلف ٹی وی چینلز کو انٹرویو دیتے نظر آرہے ہیں۔

اب سوشل میڈیا پر عامر لیاقت حسین اور اُن کی تیسری بیوی دانیہ شاہ کے انٹرویو کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جوکہ اُنہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کو دیا۔

انٹرویو کے دوران ان سے پوچھا گیا کہ 2023 میں کیا ان کا ہدف چوتھی شادی ہے، اس کا جواب دیتے ہوئے عامر لیاقت نے کہا کہ چوتھی شادی کی اجازت تو مل گئی ہے لیکن تیسری شادی کا بعد ان کا اگلا ہدف پاکستان کا وزیراعظم بننا ہے۔

https://twitter.com/awaisReporter/status/1492386016124030977

دوسری جانب عامر لیاقت کی نئی بیوی سیدہ دانیہ شاہ نے کہا کہ ’میں نے عامر لیاقت کو چوتھی شادی کی اجازت دے دی ہے کیونکہ یہ میرا حق نہیں کہ میں انہیں چوتھی شادی کرنے سے روکوں، یہ ان کی اپنی مرضی ہے۔‘

دانیہ شاہ نے کہا کہ ’اگر، میں انہیں پیار دوں گی تو یہ میرے ساتھ رہیں گے لیکن اگر میں انہیں عزت اور محبت نہیں دوں گی تو یہ یقیناََ چوتھی شادی کرلیں گے۔‘

اہلیہ کی بات سُن کر عامر لیاقت خوشی سے ہنسنے لگے جبکہ وہاں موجود پروگرام کے میزبان بھی مُسکرانے لگے۔

خیال رہے کہ عامر لیاقت نے لودھراں سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ سے تیسری شادی کی ہے۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنی تیسری شادی کا اعلان ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا۔

49 سالہ عامر لیاقت نے بتایا کہ دانیہ شاہ کا تعلق ایک شریف گھرانے سے ہے اور وہ سرائیکی ہیں۔