پاکستان تحریک انصاف کی پنجاب حکومت نے تمام ترجمان فارغ کردیے۔
تفصیلات کے مطابق فیاض الحسن چوہان کو ترجمان مقرر کیے جانے کے بعد پنجاب حکومت نے بقیہ تمام ترجمانوں کو فارغ کردیا ، اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ، جس کے مطابق آئندہ فیاض الحسن چوہان ہی صوبائی حکومت کے واحد ترجمان ہوں گے۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کو پنجاب حکومت کا ترجمان مقرر کر دیا گیا ، فیاض الحسن چوہان کو پنجاب حکومت کا ترجمان مقرر کرنے کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دی جب کہ ترجمان مقرر کیے جانے کے بعد فیاض الحسن چوہان کے پاس صوبائی وزیر جیل خانہ جات کا چارج بھی رہے گا تاہم وزارت اطلاعات و نشریات وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس ہی رہے گی۔
واضح رہے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا ، فردوس عاشق اعوان نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھجوا دیا ، فردوس عاشق اعوان کی خواہش پر انہیں وفاق میں ذمہ داری دی جائے گی ، وزارتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم آئندہ ہفتے دورہ لاہور کے دوران کریں گے ، فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قیادت جس جگہ مناسب سمجھے گی میں وہاں پر ذمہ داری ادا کرنے کیلئے تیار ہوں۔
دوسری طرف معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے استعفی کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ، جس سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے جہانگیر ترین گروپ کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ فردوس عاشق اعوان پارٹی کے اندر ٹکراؤ کے حق میں نہیں تھیں ، اس لیے ترین گروپ کو بھرپور جواب دینے کے لیے فیاض الحسن چوہان کو میدان میں اتارا جائے گا، ترین گروپ کو ٹف ٹائم دیا جائے اسی وجہ سے فردوس عاشق اعوان کا استعفی فوری قبول کیا گیا۔