Get Alerts

میشا شفیع کی حاضری سے استثنا کی درخواست مسترد، قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

میشا شفیع کی حاضری سے استثنا کی درخواست مسترد، قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
معروف سنگر علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے مقدمے میں لاہور کی مقامی عدالت نے میشا شفیع کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

سوشل میڈیا پر جنسی ہراساں کرنے کے الزام میں مہم چلانے پر ایف آئی اے نے علی ظفر کی مدعیت میں میشا شفیع کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

مقدمے میں میشا شفیع کی جانب سے مجسٹریٹ کے روبرو ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ مجسٹریٹ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے میشا شفیع کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

مجسٹریٹ نے میشا شفیع سمیت تمام ملزمان کو 8 فروری کو طلب کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ میشا شفیع ہتک عزت کے کیس میں 4 اور 5 جنوری کے علاوہ 8 جنوری کو بھی عدالت میں پیش ہوئی تھیں جب کہ 10 جنوری کو بھی وہ عدالت میں پیش ہوئیں مگر کیس کی سماعت نہ ہوسکی اور انہیں اگلی سماعت پر طلب کرلیا گیا۔

گلوکارہ میشا شفیع 10 جنوری کو بھی عدالت میں جرح کے لیے پیش ہوئیں اور اپنی حاضری مکمل کروائی، فاضل جج کے رخصت پر ہونے کے باعث ڈیوٹی جج نے سماعت کیے بغیر ہتک عزت کیس کی کارروائی ملتوی کردی اور میشا شفیع کو آئندہ سماعت پر دوبارہ عدالت پیش ہونے کا حکم دیا۔

دوران سماعت علی ظفر کے وکلا نے میشا شفیع کے کیس کو ڈیوٹی جج کو سماعت کا اختیار دینے کی استدعا کی، جس پر عدالت نے کاروائی کیے بغیر ہی سماعت ملتوی کی۔

اس سے قبل میشا شفیع 8 جنوری کو بھی جرح کے لیے پیش ہوئی تھیں جب کہ 4 اور تین جنوری کو بھی ان سے جرح کی گئی تھی۔