Get Alerts

عوام کیلئے بڑا ریلیف، پٹرول 30 اورڈیزل 40 روپے تک سستا ہونے کا امکان

عوام کیلئے بڑا ریلیف، پٹرول 30 اورڈیزل 40 روپے تک سستا ہونے کا امکان
پٹرول 30 اورڈیزل 40 روپے تک سستا ہونے کا امکان، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کل ہی کمی کا اعلان آج ہی متوقع ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بڑی عید پر عوام کو بڑی خوش خبری دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کرنے کیلیے وزارت پٹرولیم اور وزارت خزانہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری مانگ لی۔

وزیراعظم نے اپنی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری بھجوانے کا حکم دیا اور شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں اضافے پر قربانی دی، اس کا پورا پھل بھی انہیں ہی ملنا چاہئے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ عوام نے مشکل وقت گزارا ہے، اب پورا ریلیف ملنا بھی اُن کا حق ہے، عالمی منڈی میں جتنی کمی ہوئی ہے، پوری شفافیت کے ساتھ عوام کو اس کی منتقلی یقینی بنائیں، سابق حکومت کی لائی مہنگائی سے ستائے عوام کی حتی المقدور اشک شوئی کرتے رہیں گے۔

پٹرولیم ڈویژن عمومی طور پر مہینے کی 14 تاریخ کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کے حوالے سے سمری وزارت خزانہ کو ارسال کرتا ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ آج وزارت خزانہ کو پٹرولیم ڈویژن سے تیل کی قیمتوں کے حوالے سے سمری موصول ہو جائے گی، سمری پھر وزیر اعظم کو بھیجی جائے گی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان بھی آج ہی کر دیا جائے گا۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری طلب کیے جانے پر ردعمل دیا ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی سمری وزارت پٹرولیم کی جانب سے اوگرا کی سفارشات کو مدنظر رکھ کر تیار کی جاتی ہے۔ جبکہ انڈسٹری ذرائع کے مطابق پٹرول 30 اورڈیزل 40 روپے تک سستا ہونے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق انڈسٹری ذرائع نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت میں 12 سے 14 روپے کمی ریکارڈ کی جاچکی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 25 سے 30 روپے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم لیوی نہ بڑھے تو 16 جولائی سے قیمت میں کمی ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات میں کمی کیلئے وزارت خزانہ اور وزارت پٹرولیم سے سمری طلب کی ہے۔ اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی جماعتوں کی حکومت کی جانب سے پنجاب کے ضمنی الیکشن سے قبل ووٹرز کو مائل کرنے کیلئے وقتی طور پر پٹرولیم مصنوعات سستی کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے وقتی طور پر پٹرول سستا کیا جائے گا، تاہم 17 جولائی کا الیکشن ہو جانے کے بعد حکومت پٹرولیم مصنوعات دوبارہ مہنگی کر دے گی۔