ایک طرف نے ثانیہ مرزا اپنے انسٹاگرام پر شعیب ملک اور اپنے درمیان علیحدگی کی افواہوں پر غیرواضح پیغامات شیئر کررہی ہیں دوسری جانب قومی کرکٹر شعیب ملک کی جانب سےان افواہوں پر ردعمل سامنے آگیا۔
ان دنوں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کے درمیان علیحدگی کی خبریں گرم ہیں تاہم دونوں جانب سے ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی جارہی۔
چند روز قبل خلیجی اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزاکی شادی 12 سال رہنے کے بعد ختم ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔ جبکہ بھارتی میڈیا کی جانب سے بھی دونوں کی طلاق کی خبروں کی تصدیق کی گئی۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ثانیہ اور شعیب نے باضابطہ طور پر طلاق لے لی ہے لیکن اب تک دونوں نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
قریبی ذرائع کا کہنا ہےکہ شعیب اور ثانیہ کے درمیان قانونی پیچیدگیاں حل ہونے کے بعد علیحدگی کے باضابطہ اعلان کا امکان ہے کیونکہ مختلف شوز کے لیے معاہدوں اور قانونی پیچیدگیوں کے باعث دونوں علیحدگی کی خبروں پرتبصرہ نہیں کررہے۔
اس معاملے پر پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے خاموشی توڑ دی اور نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مداحوں کو ان تمام خبروں کو نظرانداز کرنے کا مشورہ دے دیا۔
دوسری جانب طلاق کی خبریں آنے کے بعد ثانیہ مرزا نے پہلی تصویر شیئر کردی۔ انسٹاگرام پر تصویر میں بھارتی ٹینس اسٹار اسپورٹس سوٹ پہنے ہوئے ٹریک پر چل رہی ہیں۔ چہرے پر مسکان ہے۔ کیپشن لکھنے کے بجائے صرف ایموجیز بنادیئے۔
انسٹاپوسٹ پر مداحوں نے کمنٹس کے انبار لگا دیے۔ طلاق کی خبروں کی تصدیق کرنے کی کوشش کی لیکن ثانیہ نے کسی کو جواب نہیں دیا۔
بعد ازاں، ثانیہ مرزا نے ایک اور انسٹاگرام پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی اکیڈمی میں داخلے اور فیس کی معلومات بتائی ہیں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں یہ جوڑا دبئی میں چھٹیاں گزارنے گیا جہاں انہوں نے اپنے بیٹے کی سالگرہ منائی جس کی تصاویر شعیب ملک نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی لیکن ثانیہ مرزا نے نہیں کی۔
ثانیہ مرزا نے بیٹے اذہان کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں لکھا ہے کہ اس کے بیٹے کے ساتھ لمحات اسے مشکل ترین وقت سے گزرنے میں مدد کرتے ہیں۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 2010ء میں بھارتی شہر حیدرآباد میں شادی کی تھی جبکہ ولیمے کی تقریب پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں منعقد کی گئی تھی ۔ دونوں کا چار سال کا ایک بیٹا بھی ہے۔ بیٹے کے لیے دونوں ’کوپیرنٹ‘ کے طور پر معاملات چلائیں گے۔