میرے حساب سے آج عمران خان کی گرفتاری ہو جانی چاہئیے۔ وہ گرفتاری سے بچ نہیں سکتے سوائے اس کے کہ وہ اپنے گھر سے نکل کر کسی دوسرے کے گھر میں جا کر پناہ لے لیں۔ عمران خان توقع کر رہے تھے کہ کارکن دو تین دن تک مزاحمت جاری رکھیں گے مگر انہوں نے ایک بھی دن نہیں نکالا۔ عمران خان زمان پارک کو نائن زیرو بنانا چاہتے ہیں مگر انہیں یہ نہیں یاد کہ نائن زیرو زیادہ دیر نہیں چلتا، آج بھی بند ہے۔ میں سمجھتا ہوں 16 مارچ کو عمران خان پر فرد جرم عائد ہو جائے گی۔ یہ کہنا ہے مزمل سہروردی کا۔
نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبر سے آگے' میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ٹکٹ کے خواہش مند ہر امیدوار کو کہا تھا کہ کم از کم 25 لڑنے والے لوگ بھیجے جائیں اور ان کے کھانے پینے رہنے کا بندوبست کیا جائے۔ آج عمران خان کا ڈی جی آئی ایس آئی سے رابطہ ہوتا تو ایک فون پہ کہتے کہ زمان پارک کے باہر جو لوگ انہیں گرفتار کرنے آئے ہیں انہیں واپس بلائیں تو وہ واپس چلے جاتے۔ عمران خان نے ہمیشہ فوج کے کندھوں پر سیاست کی ہے اسی لئے وہ جنرل عاصم منیر کے بارے میں کہہ رہے ہیں کہ ایک بندے کے حکم پہ ملک نہیں چل سکتا۔
صحافی مبشر بخاری نے کہا کہ کل سے ریڈ الرٹ جاری تھا پی ٹی آئی کے کیمپوں میں بھی پہلے سے گہما گہمی تھی۔ میری وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر سے بات ہوئی ان کا کہنا تھا کہ کورٹ کے آرڈر ہیں اسلام آباد کی ٹیم آئی ہے ہمارا لینا دینا کوئی نہیں ہم ان کی مدد کر رہے ہیں۔
پہلا پتھر پی ٹی آئی ورکر کی جانب سے پولیس پر پھینکا گیا جس کے بعد پولس نے لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ کی۔ تحریک انصاف کا ورکر غصے میں ہے۔ عمران خان کی گرفتاری کیلئے اور فورس آئے گی اور شاید وہ خود گرفتاری دے دیں۔ اس میں سیاسی پوائنٹ سکورنگ بھی کی جا رہی ہے۔
بیرسٹر رضا رحمان نے کہا کہ اگر عمران خان گرفتار ہو جاتے ہیں یا وہ خود کو سرنڈر کر دیتے ہیں تو ان کا ایک راہداری ریمانڈ ملے گا یہاں لاہور مجسٹریٹ سے پھر انہیں اسلام آباد لے کر جایا جائے گا اور جس عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہیں انہیں فوری طور پر اس کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
بہت تشویش ناک صورت پیدا ہو چکی ہے جو نہیں پیدا ہونی چاہئیے تھی۔ آپ داتا صاحب جا سکتے ہیں، جلسہ کر سکتے ہیں، ریلی میں جا سکتے ہیں تو آپ کو عدالت کے بلانے پر بھی پیش ہونا چاہئیے۔ طاقت کا استعمال حکومت کے حق میں بھی اچھا ثابت نہیں ہوگا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ عمران خان نے سیشن کورٹ کے ساتھ ساتھ اسلام آباد ہائی کورٹ کی بھی حکم عدولی کی ہے۔ عمران خان اور ان کے کارکن عمران خان کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔
پروگرام کے میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبر سے آگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے براہ راست پیش کیا جاتا ہے۔