معروف ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے صارفین کی سہولت کے لیے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام میں 2 نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔
میٹا کی زیر ملکیت ایپ انسٹا گرام کی جانب سے ان نئے فیچرز کا اعلان کیا گیا۔ ان میں سے ایک فیچر بیک ڈراپ آرٹی فیشل انٹیلی جنس ( اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ہے۔
اس فیچر سے صارفین کے لیے سٹوریز کے بیک گراؤنڈ کو اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے بدلنا ممکن ہوگا۔
جب آپ انسٹاگرام سٹوری میں فوٹو یا دیگر مواد کو اپ لوڈ کریں گے تو سکرین پر اوپر بیک ڈراپ کا آئیکون نظر آئے گا۔
اس آئیکون پر کلک کرنے کے بعد تصویر کے پیچھے کا بیک گراؤنڈ غائب ہو جائے گا اور ٹیکسٹ باکس میں آپ سے پوچھا جائے گا کہ آپ کس قسم کا بیک گراؤنڈ چاہتے ہیں۔
اس کے بعد آپ جو بھی ہدایات دیں گے، اے آئی ٹول اس کے مطابق بیک گراؤنڈ بنا دے گا۔
دوسرا فیچر انسٹاگرام سٹیٹس سے متعلق ہے۔
انسٹاگرام میں سٹیٹس فیچر ایک سال قبل متعارف کرایا گیا تھا جس میں اب تک ٹیکسٹ یا ایموجیز کو پوسٹ کیا جا سکتا تھا۔
مگر اب صارفین 2 سیکنڈ کی ویڈیو کو بھی انسٹاگرام سٹیٹس میں شیئر کر سکیں گے جو 24 گھنٹوں بعد غائب ہو جائے گی۔
یہ ویڈیو بار بار پلے ہوتی جائے گی اور آپ کے دوستوں کے ان باکس میں پروفائل فوٹو کی جگہ نظر آئے گی۔
آپ کے دوست اس سٹیٹس پر کلک کرکے سٹیکر، فوٹو، ٹیکسٹ یا GIF کے ذریعے ریپلائی کر سکیں گے۔