چودھری شجاعت نے پرویز الہیٰ کی پارٹی رکنیت معطل کر دی

چودھری شجاعت نے پرویز الہیٰ کی پارٹی رکنیت معطل کر دی
مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے پی ٹی آئی میں انضمام کے فیصلے پر چودھری پرویز الہیٰ کی پارٹی کی بنیادی رکنیت معطل کر دی ہے۔

چودھری شجاعت حسین نے پرویز الہیٰ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 دن میں انضمام کے فیصلے پر وضاحت طلب کر لی ہے۔ نوٹس میں چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ صوبائی صدر پارٹی کو کسی دوسری جماعت میں ضم نہیں کر سکتا، لہٰذا وضاحت آنے تک پرویز الہیٰ کی بنیادی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔ نوٹس کے مطابق 7 دن میں پرویزالہٰی نوٹس کا جواب دے کر وضاحت کرنی ہو گی۔

اس سے قبل چودھری پرویز الہیٰ نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا۔ وہ آج اپنے اراکین کے ساتھ تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کرنے والے ہیں۔

یاد رہے گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے چودھری پرویز الہیٰ کو مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔بعد ازاں پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان (ق) لیگ کو تحریک انصاف میں ضم کرنے کا کہہ رہے ہیں، مونس الہی بھی یہی چاہتے ہیں۔ آج میٹنگ رکھی ہے جس میں مزید مشاورت کی جائے گی۔