Get Alerts

لاہور: سی ایس ایس کے امتحان میں مسلسل ناکامی پر طالبہ نے خودکشی کرلی

لاہور: سی ایس ایس کے امتحان میں مسلسل ناکامی پر طالبہ نے خودکشی کرلی
لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں 25 سالہ لڑکی نے مبینہ طورپر پنکھے سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ واقعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد کا جائزہ لیا۔ پولیس کے مطابق 25 سالہ ندا نے 5 روز قبل ایک کمرشل پلازہ میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا، ندا کا تعلق ملتان سے تھا اور وہ سی ایس ایس کی تیاری کے لیے پانچ روز قبل ملتان لاہور آئی تھی۔

طالبہ کے خودکشی کرنے کی ممکنہ طور پر وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ وہ سی ایس ایس کے امتحان میں ناکامی پر دلبرداشتہ تھیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 سالہ ندا اکبر نے سی ایس ایس کے امتحان میں مسلسل ناکامی پر زندگی کا خاتمہ کیا۔اس حوالے سے پولیس کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔

پولیس کے مطابق ندا اکبر سی ایس ایس کے امتحان میں دو بار ناکام ہوئی اور مایوس ہو کر زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ لاش کے قریب سے ملنے والی تحریر میں بھی ندا نے اپنی ناکامی کا اعتراف کیا۔

علاوہ ازیں اس واقعے کے حوالے سے پولیس  نے مزید بتایا کہ ندا نے 13 جولائی کو ایک خط کمرے میں چھوڑا تھا جس میں لکھا تھا کہ وہ زندگی سے ہاتھ دھو رہی ہے، اس کا وجود بوجھ اور ناکامی کے سوا کچھ نہیں۔ ندا نے اپنے خط میں یہ بھی لکھا کہ وہ ابو کو مس کرتی ہے اور ان کے پاس رہنا چاہتی ہے، ندا نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی اگلی زندگی میں سکون میں ہو گی۔



پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک ٹیم نے ندا کے فلیٹ سے شواہد اکٹھا کرلیے ہیں، تاحال لڑکی کی خودکشی کی وجہ سامنے نہیں آ سکی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں ہر پہلو پر غور کیا جا رہا ہے۔ لڑکی کی لاش برآمد ہونے پر اس کے اہل خانہ کو بھی مطلع کیا گیا ،ورثا نے پوسٹ مارٹم کروانے سے بھی انکار کر دیا ہے۔ دوسری جانب آئی جی پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی۔