عافیہ صدیقی کیوں واپس نہیں آئیں؟

اگر خبر غلط تھی تو حکومت خاموش کیوں رہی؟ فوزیہ صدیقی

امریکہ میں دہشت گردی کے الزام میں قید کی سزا کاٹ رہی عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیق نے کہا ہے کہ ہمارا خیال تھا، عافیہ واپس آ رہی ہیں لیکن ایسا نہیں ہوا جس پرعوام میں بد دلی پھیلی ہے۔

انہوں نے استفسار کیا، عافیہ کے پاکستان آنے کی خبر غلط تھی تو حکومت خاموش کیوں رہی؟

انہوں نے کہا، گزشتہ ایک ہفتے سے یہ خبر چل رہی تھی کہ عافیہ 16 مارچ کو پاکستان واپس آ رہی ہیں، اگر عافیہ کی واپسی کا وعدہ پورا نہیں ہو سکتا تو عوام حکومت سے اور کیا امید رکھے؟

https://youtu.be/1u6xT60poMU

فوزیہ صدیقی کا کہنا تھا، یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ کیا عافیہ واپس آ رہی ہیں؟ یہ سوال اب غیر متعلقہ ہو چکا ہے کیوں کہ اب سوال یہ ہونا چاہئے کہ وہ کب واپس آ رہی ہیں؟ انہوں نے کہا، وزیرخارجہ نے کہا تھا کہ خاموش رہئے گا لیکن سماجی میڈیا پر ان کا یہ بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، اگر ایسا نہ ہوتا تو ہوسکتا ہے، عافیہ آج ہمارے درمیان ہوتیں۔

ذرائع کے مطابق، امریکہ، افغانستان اور طالبان کے درمیان اگر کوئی سمجھوتہ طے پا جاتا ہے تو عافیہ صدیقی کی رہائی جلد ممکن ہے۔

یاد رہے، امریکہ میں ہونے والے نو گیارہ حملوں کے ماسٹرمائنڈ خالد شیخ محمد نے مبینہ طور پر عافیہ صدیقی کو القاعدہ کی سہولت کار قرار دیا تھا۔



امریکی عدالت نے  ستمبر 2010ء میں عافیہ صدیقی کو دھماکہ خیز مواد رکھنے، اقدام قتل سمیت مختلف الزامات پر 86 برس قید کی سزا سنائی تھی۔