سوات کے علاقے سنگوٹہ میں نجی سکول میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ایک بچہ جاں بحق اور 6 بچے زخمی ہوگئے۔
ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈاپور کے مطابق سکول کے گیٹ پر تعینات پولیس اہلکار نے وین پر فائرنگ کی جس سے ایک بچے کی جان چلی گئی جبکہ دیگر چھ بچے زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری سکول پہنچ گئی اور زخمی بچوں کو سیدوشریف ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ جب کہ ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی بچوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔
ڈی پی او سوات شفیع اللہ کا کہنا ہے کہ فائرنگ سکول میں ڈیوٹی پر مامور محمد عالم خان نامی پولیس اہلکار سے ہوئی۔ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش سے یہ معلوم ہوا ہے کہ اہلکارکی ذہنی کیفیت مبینہ طور پر درست نہیں ہے تاہم تفتیش جاری ہے کہ بچوں پر فائرنگ کیوں کی گئی ہے اور پولیس اہلکار کسی نفسیاتی مسئلے کا شکار تھا یا کوئی اور وجہ ہے۔
آئی جی پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات گنڈاپور نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔