Get Alerts

آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار کو نائٹ کلب میں خواتین کی چھاتی پکڑنے کے الزام میں مقدمے کا سامنا

آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار کو نائٹ کلب میں خواتین کی چھاتی پکڑنے کے الزام میں مقدمے کا سامنا
آسکر سمیت متعدد ایوارڈ اپنے نام کرنے والے ہالی ووڈ کے 51 سالہ اداکار کیوبا گڈنگ جونیئر پر خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام، عدالت میں مقدمے کی سماعت کا آغاز ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق کیوبا گڈنگ جونیئر پر رواں برس جون میں ابتدائی طور پر چند خواتین نے رضامندی کے بغیر نائٹ کلب میں جنسی طور پر مخصوص اعضا کو چھونے، گال پر بوسہ دینے اور چھاتی کو پکڑنے کے الزامات کے تحت مقدمہ دائر کروایا تھا۔

اداکار نے الزامات سامنے آتے ہی ان کی تردید کی تھی، تاہم بعد ازاں ان کے خلاف نیویارک کے علاقے منہٹن کی عدالت میں خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کا کیس دائر کیا گیا تھا۔

کیوبا گڈنگ جونیئر پر جنسی ہراساں کے الزامات کے تحت منہٹن کی عدالت میں 15 اکتوبر کو سماعت ہوئی، تاہم ان پر فرد جرم عائد نہیں کی جا سکی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کیوبا گڈنگ جونیئر کے خلاف ہونے والی سماعت کے دوران ان پر فرد جرم عائد نہیں کی جا سکی اور ان کے کیس کی اگلی سماعت دسمبر میں رکھی گئی ہے۔

ایوارڈ یافتہ اداکار پر الزام لگانے والی خواتین کی شناخت کو سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے خفیہ رکھا جا رہا ہے۔



خیال رہے کہ کیوبا گڈنگ جونیئر نے اب تک 5 درجن سے زائد فلموں میں اداکاری کی ہے اور ان کی پہلی فلم ’کمنگ ٹو امریکا‘ 1987 میں ریلیز ہوئی تھی، تاہم انہیں شہرت 1992 کی فلم ’گلیڈی ایٹرز‘ سے ملی تھی۔

کیوبا گڈنگ جونیئر کو 1996 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جیرے میگئر‘ میں شاندار اداکاری کرنے پر آسکر ایوارڈ بھی دیا گیا، اس فلم میں انہوں نے فٹبالر کا کردار ادا کیا تھا۔