اسلام آباد میں کینیڈین خاتون سیاح کو ہراساں کرنے پر دو افراد کے خلاف مقدمہ درج

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کینیڈین خاتون سیاح اور انسانی حقوق کی کارکن کو مبینہ طور پر حراساں کرنے پر دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے سہالہ پولیس سٹیشن میں کینیڈین خاتون سیاح اسما گلوٹہ نے واقعہ کی ایف آئی آر درج کروائی ہے جس میں انہوں نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ وہ جب بحریہ ٹائون کے فیز سیون سے نکلیں تو ایک دوسری گاڑی میں سوار دو افراد نے انہیں ہراساں کرنا شروع کر دیا اور اپنی گاڑی میں سوار ہونے کی دعوت دی۔

https://youtu.be/lhqkj83J3PE

تاہم، جب خاتون سیاح نے ان سے کہا کہ انہیں اکیلا چھوڑ دیا جائے تو وہ قہقہہ لگانے لگے اور خاتون جب اوبر پر سوار ہوئیں تو انہوں نے ان کا اسلام آباد تک تعاقب کیا اور گاڑی کو روکنے کی کوشش کرنے کے علاوہ ڈرائیور سے ان کی منزل کے بارے میں استفسار بھی کرتے رہے۔

متاثرہ کینڈین سیاح نے ایف آئی آر میں لکھا ہے کہ وہ لڑکے چوں کہ ان کا تعاقب کر رہے تھے جس کے باعث انہوں نے اپنی منزل تبدیل کی اور قریب ہی واقع ایک مال میں اس وقت تک رُکی رہیں جب تک انہیں یہ یقین نہیں ہو گیا کہ وہ چلے گئے ہیں جس کے بعد وہ اپنی رہائش گاہ پر واپس آ گئیں۔



ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ خاتون سیاح کے پاس گاڑی کی معلومات اور ویڈیو موجود ہے۔

پولیس نے تعزیرات پاکستان کی دفعات 342، 511، 354 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

دوسری جانب خاتون سیاح کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں اس پورے واقعہ کی روداد بیان کی گئی ہے۔



وزیر مملکت برائے داخلہ امور شہریار خان آفریدی کے مطابق، سٹیزن پورٹل کے ذریعے کینیڈین خاتون کی شکایت موصول ہوئی جس پر ایکشن لیا گیا اور ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

آئی جی اسلام آباد پولیس نے بھی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔