وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے امداد بھیجتا رہے گا۔ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف دورہ ترکیہ پر انقرہ سے زلزلے سے متاثرہ علاقے آدیامان پہنچ گئے جہاں انہوں نے زلزلہ متاثرین سے ملاقات کی اور متاثرین کے پیاروں کی وفات پر تعزیت بھی کی۔
دوران ملاقات وزیر اعظم نے ترک کے زلزلہ متاثرین کو پاکستان کی طرف سے بھرپور مدد کی یقین دہانی کرائی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی آپکے بہن بھائی ہیں۔ آپ کو اس مشکل میں کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ پاکستانی عوام اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پوری دنیا سے اپیل ہے کہ ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے آدیامان میں پاکستانی ریسکیو ٹیموں سے بھی ملاقات کی اور پاک فوج اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی امدادی کارروائیوں کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سردی سے بچاؤ کیلئے خیمے اور کمبل ترکیہ بھیجتا رہے گا۔پاکستان فضائی، سمندری اور زمینی راستوں سے ترکیہ کے زلزلہ زدگان کیلئے امداد بھیج رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت تک 500 ٹن امدادی سامان ترکیہ بھیج چکا ہے۔ پاکستان جس قدر ہو سکے ترکیہ کے زلزلہ زدگان کیلئے امداد بھیجتا رہے گا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان واپسی پر میں پاکستان میں موجود سردی سے بچاؤ کے خیمے بنانے والے صنعت کاروں سے ملاقات کروں گا۔
https://twitter.com/GovtofPakistan/status/1626542753952989186?s=20
ترک ٹی وی کو انٹرویو میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ترکیے میں آنے والا زلزلہ تاریخ کا شدید ترین زلزلہ تھا لیکن ترک قوم بہت بہادر اور عظیم ہے۔
ان کا کہنا تھا میری عالمی برادری، او آئی سی، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں سے اپیل ہے کہ ترکیہ کے لوگوں کی مدد کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
بعدازاں آدیامان میں زلزلہ زدگان نے وزیر اعظم کا پاکستان کی طرف سے امداد پر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ ترکیے اور شام میں آنے والے خوفناک زلزلے میں اب تک 42 ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہو چکی ہیں جبکہ اقوام متحدہ نے زلزلے میں 50 ہزار سے زائد اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔