ڈی آئی خان پولیس کا پی ٹی ایم رہنما عالم زیب محسود خان اور بھانجے پر منشیات فروشی کا جھوٹا مقدمہ

ڈی آئی خان پولیس کا پی ٹی ایم رہنما عالم زیب محسود خان اور بھانجے پر منشیات فروشی کا جھوٹا مقدمہ
پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) ڈی آئی خان کے رہنما اور لاپتہ مظلوموں کی آواز عالم زیب محسود خان اور ان کے نوعمر بھانجے محمد سجاد کو ڈی آئی خان پولیس کی جانب سے 1030 گرام چرس رکھنےاوربیچنے کے بالکل جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کا انکشاف ہوا ہے۔

نیا دور کو حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی پولیس کی جانب سے ایک ایف آئی آر سامنے آئی ہے جس میں عالم زیب محسود خان اور ان کے 18 سالہ بھانجے محمد سجاد پر 1030 گرام چرس رکھنے اور بیچنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینس ایکٹ (CNSA) کی دفعہ 9 (D) خیبر پختونخواہ جس کا غلط استعمال پی ٹی ایم کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق آفیسر انچارج تھانہ امروز حسین، جو چوک چشتی روڈ پر گشت کے لیے موجود تھا، کی جانب سے تھانے میں اطلاع دی گئی کہ جائے وقوعہ پر دو افراد موجود ہیں جن کے پاس بھاری مقدار میں چرس موجود ہے جو فروخت کرنے کے غرض سے لے جا رہے ہیں۔ پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچی تو 2 اشخاص سڑک کے نزدیک بیٹھے ہوئے تھے جن کے پاس ایک سفید رنگ کا شاپنگ بیگ پڑا ہوا تھا۔ دونوں کو حراست میں لے لیا جن کے نام عالم زیب محسود خان اور محمد سجاد ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ پیکٹ میں بند چرس کا ڈیجیٹل سکیل کے ذریعے وزن کیا گیا جس کے مطابق یہ ایک ہزار 30 گرام تھی۔



https://twitter.com/Rabail26/status/1669982680962801664?s=20

عالم زیب کے وکیل دوست نے نیا دور کے نمائندے کو عالم زیب کے نوعمر بھانجے کو زبردستی اٹھایا گیا جس کی عمر محض 18 سال ہے۔ آج صبح 8 بجے پی ٹی ایم کے کارکنوں نے صدر پولیس سٹیشن ڈی آئی خان میں محسود اور ان کے بھانجے سے ملاقات کی لیکن اب پولیس اس بات سے انکار کر رہی ہے کہ وہ حراست میں ہیں۔ ابھی تک کوئی ایف آئی آر یا گرفتاری کے وارنٹ نہیں دکھائے گئے۔

نیا دور کے نمائندے کے مطابق عالم زیب محسود خان اور ان کے بھانجے کو ان کے گھر پر چھاپہ مار کر گزشتہ روز گرفتار کیا گیا۔ کچھ اہلکار وردی میں جبکہ کچھ سول کپڑوں میں ملبوس تھے۔ آج انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔ جس کے بعد دونوں کو  ڈیرہ اسماعیل سینٹرل جیل بھیج دیا گیا ہے۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عالم زیب محسود خان اور ان کے بھانجے محمد سجاد کو ہتھکڑیاں لگی ہوئی ہیں۔

https://twitter.com/Rabail26/status/1669999117269979137?s=20

ایک سوشل میڈیا صارف کی جانب سے عالم زیب محسود کی گرفتاری کی ویڈیو بھی ٹویٹر پر شیئر کی گئی ہے۔

https://twitter.com/ShahfaisalTar13/status/1669982107496763392?s=20

ویڈیو بیان میں عالم زیب محسود کا کہنا تھا کہ ہمیں انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ہم پر تشدد بھی کیا گیا ہے تاکہ ہمیں انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے سے روکا جاسکے۔ مجھ پر 1 ہزار گرام چرس کا مقدمہ ڈالا گیا ہے۔

اس سے قبل پی ٹی ایم کے انسانی حقوق کے 3 محافظوں عید رحمان، ضکیم وزیر، جلال وزیر کی جبری گمشدگی کے بارے میں عالم زیب محسود  نے مذمت کی تھی۔