سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی کی زندگی پر بننےوالی فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ’اداکار‘ کا نام سامنے آگیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی گلوکار اور اداکار عمیر جسوال نے اعلان کیا کہ وہ لیجنڈری فاسٹ باؤلر کا کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے لکھا کہ "یہ اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہوں کہ راولپنڈی ایکسپریس میں بڑے پردے لیجنڈ شعیب اختر کا کردار ادا کرنے پر مجھے فخر ہے۔"
عمیر جسوال نے کہا کہ "اللہ کے فضل سے ہم اپنی کوششوں میں کامیاب ہوسکتے ہیں، ہم آپ کے سامنے اپنی نوعیت کی پہلی بائیوپک فلم لانے کے منتظر ہیں جو دنیا بھر میں اپنی پہچان بنائے گی۔"
انسٹاگرام پیچ پر فلم کا پوسٹر بھی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ایک اور پوسٹ میں اداکار عمیر جسوال کو شعیب کے نام کی گرین شرٹ زیب تن کیے ہوئے کرکٹ گراونڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔
فلم کو دبئی سے تعلق رکھنے والے فلم میکر فراز قیصر بنا رہے ہیں. جنہوں نے 2003 کے ورلڈ کپ کے دوران پاکستان اور انگلینڈ کے میچ میں شعیب اختر کی تیز ترین بولنگ سے متاثر ہوکر فلم بنانے کا ارادہ کیا ہے۔
فلم کو پاکستان ، دبئی ، آسٹریلیا اور برطانیہ میں عکس بند کیا جائے گا جبکہ اس کی نمائش آئندہ برس 16 نومبر تک متوقع ہے۔
خیال رہے کہ دنیائے کرکٹ کے عظیم فاسٹ بولر شعیب اختر نے رواں سال کے آغاز میں اپنی زندگی پر بننے والی بائیو پک “راولپنڈی ایکسپریس” بنانے کا اعلان کیا تھا۔